شہر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش

21 Jun, 2020 | 06:54 PM

Arslan Sheikh
Read more!

( سٹی 42 ) شہر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا، بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، محمکہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے میں بھی بارشوں سلسلہ جاری رہے گا۔

شہر لاہور میں موسلا دھار بارش سے حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ بارش کے موسم سہانا ہوگیا جبکہ درجہ حرارت میں بھی کمی ہوئی۔

بارش میں جیل روڈ 5، ایئر پورٹ 1، ہیڈ آفس واسا گلبرگ 0.01 ملی میٹر بارش ریکارڈ، لکشمی چوک 4، اپر مال 0.01، مغلپورہ 1، تاجپورہ 2.5 ملی میٹر، نشترٹاؤن 0.01، پانی والاتا لاب 5 اور فرخ آباد 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح گلشن راوی 0.01، اقبال ٹاؤن 1.5، جوہر ٹاؤن اور سمن آباد 2،2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ادھر شاہدرہ کے علاقے سکھ روڈ پر تیز ہوا کے باعث بل بورڈ گر گیا۔ بل بورڈ گرنے سے تین افراد زخمی جبکہ ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق بل بورڈ گرنے سے ایک کار،3 رکشے اور موٹرسائیکل کو نقصان پہنچا جبکہ ریسکیو کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

شہر میں ہونیوالی بارش کی وجہ سے لیسکو کے ساٹھ سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے، جس کے باعث  مختلف علاقوں میں گھنٹوں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ شہر میں چلنے والی تیز ہواوں اور بارش کی وجہ سے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کا ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم بھی متاثر ہوا۔

بارش کی وجہ سے کمپنی کے ساٹھ سے زائد فیڈر ٹرپ ہونے  کی وجہ سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ بجلی بندش کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بارش کی وجہ سے ڈیفنس، جیا بگا، اسماعیل نگر، سمن آباد، امین پارک، شادمان، وسن پورہ اور شمالی لاہور کے مختلف علاقے بجلی سے محروم رہے تاہم بارش کا سلسلہ تھم جانے پر بحالی کا کام شروع کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ جمعرات سے دوبارہ سے بارشوں کا سپیل شروع ہوگا۔

دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ڈی جیز نے رواں سال 10 فیصد زائد بارشوں کی پیش گوئی کردی  جبکہ اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کردیا،  چیئرمین این ڈی ایم اے نے قبل از وقت سروے مکمل کرنے کی ہدایت کردی ۔

ماہرین موسمیات کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر میں گزشتہ سال کے مقابلے میں دس فیصد زائد بارشیں ہوں گی، لاہور میں اربن فلڈنگ کے خدشے کا اظہار کیا گیا، اس موقع پر کانفرنس میں طارق فاروقہ، نثار احمد ثانی، حمید اللہ ملک، احمد حسین رانجھا سمیت دیگر افسروں نے شرکت کی۔  

مزیدخبریں