فیس ماسک سے ڈاکوئوں کی پہچان مشکل ہوگئی

21 Jun, 2020 | 02:31 PM

Shazia Bashir

شہر بھرسے (عرفان ملک) فیس ماسک کی وجہ سے ڈاکوئوں کی پہچان مشکل ہو گئی۔ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے فیس ماسک کے استعمال کے احکامات جاری کئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق فیس ماسک کی وجہ سے ڈاکوئوں کی پہچان مشکل ہو گئی ہے، حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے فیس ماسک کے استعمال کے احکامات جاری کئے گئے تھے،  اب کورونا سے بچانے والا فیس ماسک ڈاکوؤں نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے بھی استعمال کرنا شروع کردیا۔

 

شہرمیں لگے سی سی ٹی وی کیمرے فیس ماسک پہنے  ڈاکوؤں کی شناخت نہیں کر  پا  رہے جس کا فائدہ  ڈاکوؤں کو براہ راست پہنچ رہا ہے اور پولیس ریکارڈ کے مطابق  یکم مارچ  سے  یکم جون تک شہر میں ڈکیتی کی چھ سو تیس وارداتیں ہوئیں جس میں چارسو سے زائد وارداتوں میں ڈاکوؤں نے فیس ماسک کا استعمال کیا۔

سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ فیس ماسک سے شناخت کا عمل مشکل ہوا ہے لیکن دیگرطریقوں سے ملزموں کی گرفتاری کا عمل جاری ہے، لاہورپولیس کے دعوے اپنی جگہ لیکن شہر میں لاک ڈاؤن اور مالی بحران کے باعث جرائم پیشہ افراد کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

  شہر میں چوری، ڈکیتی،رہزانی اور زیادتی جیسے واقعات کا ہونا معمول کا حصہ بن چکا ہے جس کی وجہ سے عوام میں خوف و ہراس پھیل چکا ہے، عوامی تحفظ کے لئے پولیس اہلکار اور دیگر سیکیورٹی ادارے سرگرم عمل ہیں جبکہ شہر کی گلیوں اور سڑکوں پر وارداتیں بڑھنے سے شہری خوف میں مبتلاہیں۔

واضح رہے کہ شہر بھر میں  کورونا وائرس کے باعث سمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے، لاک ڈاؤن کے دوران پولیس پٹرولنگ بری طرح متاثر ہوتی ہوئی نظر آرہی ہے اور  شہری اب دن میں بھی ڈاکوؤں کے رحم وکرم پر ہیں۔

 

مزیدخبریں