مال روڈ (علی اکبر، قذافی بٹ ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی ملاقات ہوئی، جس میں کورونا سے بچاؤ کے اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا، ملاقات میں وزیر اعظم کے ویژن کے تحت صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
گورنر پنجاب نے عوام دوست ٹیکس فری بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب کو مبارکباد دی، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کورونا کے معاملے پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے چکروں میں ہے، کورونا کیخلاف دشمن کیساتھ جنگ جیسے جذبے اور اتحاد کی ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عوام کی خوش قسمتی ہے کہ ان کو عمران خان جیسا ایماندار مخلص وزیراعظم ملا ہے، کرپشن کے''ٹڈی دل'' پاکستان کی بنیادوں کو کھا چکے ہیں، سابق ادوار میں یہ ''ٹڈی دل'' پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کرتے رہے، ماضی کے کرپٹ حکمرانوں کی کرپشن کی داستانیں آج بچے بچے کی زبان پر ہیں، ماضی کی حکومتوں کی کرپشن کے باعث عوام بنیادی سہولتوں سے محروم رہے، پاکستان کو آگے لے جانا کا واحد راستہ ہر سطح سے کرپشن کا خاتمہ ہے، وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کے بتوں کو پاش پاش کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا وباء نے زندگی گزارنے کے معمولات کو یکسر بدل دیا ہے, شہریوں کو سماجی فاصلہ بھی برقرار رکھنا ہے اور بوقت ضرورت باہر نکلتے ہوئے ماسک بھی لازماًپہننا ہے، کورونا کب تک رہے گا، کوئی حتمی رائے نہیں دے سکتا، وباء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ہر ممکن احتیاط اور حکومتی ہدایات پر عمل ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے زیادہ متاثرہ علاقوں کو سیل کر دیا ہے اور یہ اقدام مشاورت کے ساتھ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اٹھایا گیا ہے، کابینہ کمیٹی برائے کورونا کنٹرول روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لے کر فیصلے کرتی ہے، شہریوں کو ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے ماسک کی پابندی پر عملدرآمد کرنا چاہیئے، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانون حرکت میں آئے گا اور کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے مزید اقدامات جاری رکھیں گے۔