( زاہد چودھری ) مہنگائی کی حالیہ لہر میں ایک اچھی خبر، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے 89 جینرک ادویات کی قیمتوں میں 15 فیصد کمی کا اعلان کر دیا، جان بچانے والی ادویات کی ریسرچ پراڈکٹ کی قیمتیں بھی 30 فیصد تک کم ہونگی، قیمتیں از خود بڑھانے والوں کے خلاف بھی شکنجہ تیار کرلیا گیا۔
ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے جان بچانے والی 89 جنیرک ادویات کی قیمتوں میں 15 فیصد کمی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ ڈریپ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 89 ادویات کو ایجاد کرنے والی فارماسوٹیکل کمپنیوں کی قیمتوں میں بھی 30 فیصد کمی کی گئی ہے اور ان کی جینرک میڈیسن تیار کرنے والی ادویہ ساز کمپنیوں کو ریسرچ پراڈکٹ کے مقابلے میں قیمتیں 15 فیصد کم کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
ڈریپ کے مطابق اگر کسی جینرک میڈیسن کی قیمت پہلے ہی ریسرچ پراڈکٹ سے 15 فیصد کم ہوگی تو اس پر اس نوٹیفکیشن کا اطلاق نہیں ہوگا تاہم کوئی بھی فارماسوٹیکل کمپنی جینرک دوا کی قیمت کو بڑھا نہیں سکے گی۔ اس کے علاوہ ڈریپ نے جنوری میں ادویات کی قیمتیں بڑھا کر مہنگے داموں فروخت کرنے والی کمپنیوں کے خلاف بھی شکنجہ کسنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔
ایک کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جو زائد وصولیوں کا تعین کرے گی تاکہ مذکورہ فارماسوٹیکل کمپنیوں سے ریکوری کی جاسکے۔