بلدیاتی اداروں کے معزول سربراہان کی 'بلدیات بچاؤ تحریک' کی دوبارہ انٹری

21 Jun, 2019 | 06:45 PM

Shazia Bashir

سٹی42:  بلدیاتی اداروں کے معزول سربراہان کی بلدیات بچاؤ تحریک کی ایک ماہ سولہ روز بعد دوبارہ انٹری، معزول لارڈمئیر لاہور کی دعوت پر صوبہ بھر کے بلدیاتی اداروں کے سابقہ سربراہان کا اکٹھ، عدالت عالیہ میں زیر سماعت کیس پر مشاورت۔
تفصیلات کے مطابق سابق لارڈمئیر لاہورکرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید نے بلدیات بچاؤ تحریک کی مناسبت سےبیٹھک کا اہتمام کیا۔ سابق لارڈمئیر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید کا کہنا تھا کہ بلدیاتی اداروں پر شب خون مارا گیا اس لیے مشاورت کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔ حکومت وقت نے آئین پاکستان کی شق 3 کی خلاف ورزی کی ہے۔ بلدیاتی اداروں پر شب خون مارنے پر شدید احتجاج کرتے رہیں گے۔
سابق میئر فیصل آباد عبدالرزاق ملک نے کہا کہ عبوری ریلیف کی طرف جائیں ایسی حکمت عملی ہونی چاہیے کہ حکومت کو تاخیری حربے استعمال نہ کرنے دیئے جائیں۔ ہمارے وکلاء کا بھی یہی فوکس ہونا چاہیے کہ عبوری ریلیف کی طرف جایا جائے۔ سابق چیئر پرسن ڈسٹرکٹ کونسل ٹوبہ ٹیک سنگھ فوزیہ وڑائچ کا کہنا تھا کہ بلدیاتی کنونشن میں زیادہ سے زیادہ بلدیاتی نمائندوں کوشرکت کرنا ہو گی۔ کے پی کے والوں کی مدت ختم نہیں کی گئی۔ ایسی بد سلوکی صرف پنجاب کے ساتھ کیوں ہوتی ہے۔
سابقہ بلدیاتی نمائندوں کی بیٹھک میں سابق میئر فیصل آباد محمد عبدالرزاق ملک، سابق میئر بہاولپور عقیل انجم ہاشمی، سابق میئر گوجرانوالہ شیخ ثروت اکرام، سابق میئر ڈی جی خان شاہد حمید خان چانڈیا، سابق میئر ساہیوال اسد علی خان، سابق میئر سرگودھا حاجی نوید اسلم، سابق چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل راجہ قاسم، سابق ڈسٹرکٹ چیئرمین سرگودھا سردار عاصم شیر خان میکن، سابق چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سردار اظہر خان لغاری اور سابق ڈسٹرکٹ چیئرمین ننکانہ صاحب ملک طاہر نے شرکت کی۔
سابق اسپیکر میٹروپولیٹن کارپوریشن بلال چودھری، سابق ڈپٹی میئر راؤشہاب الدین، سابق ڈپٹی میئر میاں محمد طارق، سابق ڈپٹی میئر نذیر خان سواتی، سابق ڈپٹی میئر مہر محمود احمد، سابق ڈپٹی میئر مشتاق مغل بھی اس اکٹھ میں شریک ہوئے۔ 35اضلاع کے معزول چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسلز میں 18 چیئرمین جبکہ گیارہ میئرز میں چھ میونسپل کارپوریشنز کے میئرز بلدیات بچاؤ تحریک کاعلم بلند کرنے پہنچے۔

مزیدخبریں