( قذافی بٹ) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف ، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما حمزہ شہباز ، مریم نواز، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کردہ کروڑوں روپے مالیت کے اثاثوں کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں۔
شہباز شریف کی آمدن اور اثاثے
مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہبازشریف نے کاغذات نامزدگی میں اپنے اثاثوں کی مالیت 15 کروڑ روپے ظاہر کی جب کہ بینک اکائونٹس میں مجموعی طور پر1 کروڑ 14 لاکھ روپے ظاہر کیے۔دستاویزات کے مطابق شہباز شریف مری ہال روڈ پر1 کنال 9 مرلے کے گھر کی جبکہ اسی مقام پر ایک بنگلہ نمبر 54 کے مالک ہیں، انہوں نے شیخوپورہ میں 88 کنال زمین والدہ کی طرف سے تحفہ ظاہر کی جب کہ لاہور میں 568 کنال پر الگ الگ جائیدادیں والدہ کی طرف سے تحفہ ظاہر کی ہیں۔
شہباز شریف نے لندن میں تین الگ الگ جائیدادوں کی مجموعی قیمت 12 کروڑ 61 لاکھ روپے ظاہر کی اور اسی کے ساتھ انہوں نے حدیبیہ انجنئیرنگ ملز، حمزہ اسپننگ ملز اور حدیبیہ پیپر ملز میں شئیرز بھی ظاہر کیے۔
حمزہ شہباز کے اثاثہ جات
حمزہ شہباز نے اپنے کاغذات نامزدگی میں 43 لاکھ 70 ہزار روپے بینک بیلنس، 16 لاکھ 88 ہزار روپے کے پرائز بانڈ ظاہر کیے۔دستاویز کے مطابق حمزہ شہباز 155 کنال اراضی کے مالک ہیں اور 21 مختلف ملوں میں شئیر ہولڈر بھی ہیں ، انہوں نے کاغذات نامزدگی میں دو بیویاں ظاہر کی ہیں۔
مریم نواز کے اثاثے
مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کاغذات نامزدگی میں اپنے تمام پاکستانی اثاثے ظاہر کر دیئے۔ وہ 1506کنال زرعی ا راضی، 17 لاکھ کی جیولری اورچودھری شوگر ملز، حدیبیہ پیپر ملز،حدیبیہ انجینئرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ، حمزہ سپننگ ملزاور محمد بخش ٹیکسٹائل ملز میں شیئر ہولڈر ہیں۔ اور84کروڑ سے زائد کے اثاثے رکھتی ہیں۔ مریم نواز نے اپنی فیملی کی فلور مل میں 34لاکھ62ہزار کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔
ویڈیو دیکھیں
دستاویزات کے مطابق مریم نواز کو 4 کروڑ 92 لاکھ 77 ہزار روپے کے تحائف ملے۔ ان کے پاس ساڑھے 17 لاکھ کی جیولری ہے ۔ وہ اپنے بھائی حسن نواز کی 2 کروڑ 89 لاکھ کی مقروض بھی ہیں۔ جبکہ مریم نواز نے سافٹ انرجی پرائیویٹ لمیٹڈ کو 70 لاکھ روپے قرض دیا ہوا ہے۔ مریم نواز کے پاس موضع سلطان پور میں 1092 کنال 6 مرلہ، موضع مال میں 337 کنال 12مرلہ، موضع بدو کی ثانی میں 62 کنال 2 مرلہ، موضع آصل لکھووالہ میں 14 کنال ایک مرلہ کی پراپرٹی ہے۔
مریم نواز کو 6 برسوں میں 17 لاکھ 85 ہزار روپے کا انکم ٹیکس ریفنڈ بھی ملا۔ مریم نواز نے 3 سال میں 94 لاکھ 84 ہزار مالیت کے غیر ملکی ٹورز کیے۔ مریم نواز کی آمدن میں ایک سال کے دوران 4 کروڑ 41 لاکھ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔ مریم نواز نے بیان حلفی میں نیب کے زیر سماعت مقدمات کا بھی ذکر کیا ہے۔
مریم نواز نے اے 125، این اے 127 اور پی پی 173 سے کاغذات نامزدگی جمع کرارکھے ہیں۔
عمران خان کے اثاثہ جات
عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں اپنی سالانہ آمدنی 47لاکھ روپے ظاہر کردی۔ کاغذات نامزدگی میں عمران خان کی ظاہرکردہ آمدنی صرف 47لاکھ ہے وہ 168 ایکڑ زرعی زمین کے مالک ہیں۔ جبکہ پاکستان کے 14مختلف مقامات پر ان کی جائیدادیں ہیں۔ مگر عمران خان کے طرز زندگی، غیر ملکی دوروں اور روزانہ کے اخراجات کو دیکھاجائے تو وہ کسی طوران کی آمدنی سے مماثلت نہیں رکھتے۔ کیونکہ ان کا حالیہ عمرہ ہی ڈیڑھ کروڑسے اوپر کاہے۔
خواجہ سعد رفیق
خواجہ سعد رفیق نے کاغذات نامزدگی میں اپنے اثاثوں کی کل مالیت 17 کروڑ 84 لاکھ روپے ظاہر کی ہے جبکہ انہوں نے لوہاری میں 2 وراثتی گھروں کی مالیت ایک لاکھ 25 ہزار روپے اور ڈی ایچ اے فیز 2 میں گھر کی مالیت 4 کروڑ 82 لاکھ روپے ظاہر کی ہے۔
دستاویزات کے مطابق سابق وزیر ریلوے نے موضع پھلروان میں 16 کنال اراضی کی مالیت 3 کروڑ 46 لاکھ روپے ظاہر کی، سعدین ایسوی ایٹس مارکیٹنگ اینڈ کنسلٹینسی کی مالیت 2 کروڑ 98 لاکھ کے علاوہ ایک کروڑ 40 لاکھ روپے نقد اور پرائز بانڈ ظاہر کیے۔ انکے بینک اکاؤنٹ میں 1 کروڑ 15 لاکھ روپے ہیں اور ان کے پاس 25 لاکھ روپے کا فرنیچر ہے۔
انہوں نے 2015 میں 2 کروڑ 26 لاکھ روپے آمدن پر 29 لاکھ روپے انکم ٹیکس ادا کیا جب کہ 2016 میں 2 کروڑ 99 لاکھ آمدن پر 39 لاکھ روپے کا انکم ٹیکس ادا کیا۔اسی طرح 2017 میں 3 کروڑ 89 لاکھ روپے آمدن پر 52 لاکھ روپے انکم ٹیکس ادا کیا جبکہ سعد رفیق نے کاغذات نامزدگی میں 1 کروڑ 15 لاکھ روپے کے شیئرز بھی ظاہر کیے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق کے جمع کرائے جانے والے حلف نامے کے مطابق ان کی 2 بیویاں، 2 بیٹیاں اور 1 بیٹا ہے۔