ستوکتلہ کا واٹر فلٹریشن پلانٹ ایک سال سے خراب، انتظامیہ غائب، مکین پریشان

21 Jul, 2024 | 02:31 AM

ثمرہ فاطمہ:  واپڈا ٹاؤن کے ساتھ واقع قدیم آبادی ستوکتلہ میں نصب واحد فلٹریشن پلانٹ بھی انتظامیہ کی عدم توجہی کا شکار ہو گیا۔  ایک سال سے فلٹریشن پلانٹ خراب ہونے سے علاقہ مکینوں کو صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

شہر کے دیگر فلٹریشن پلانٹس کی طرح ستوکتلہ میں موجود فلٹریشن پلانٹ بھی ایک سال سے خراب  پڑا ہے۔ فلٹریشن پلانٹ کے نلکے نشے کے عادی افراد اتار کر لے گئے، جبکہ صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کے باعث کائی لگنے سے تعفن بھی پھیلنے لگا۔

ستوکتلہ کے مکینوں کا کہنا ہے علاقہ میں ایک ہی فلٹریشن پلانٹ ہے ،وہ بھی ایک سال سے بند پڑا ہے۔ فلٹریشن پلانٹ خراب ہونے سے ہم صاف پانی کو ترس گئے ہیں۔

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ گرمی کے موسم میں پینے کے لئے صاف پانی کی تنگی ہے، انتظامیہ یہاں کبھی دکھائی نہیں دیتی، کوئی ادھر توجہ نہیں دیتا، کیا کریں۔ پانی کے لئے در بدر پھرنا پڑتا ہے۔

علاقہ میں سیوریج کے ناقص نظام کے باعث گھروں میں آلودہ پانی آ رہا ہے جو بیماریاں پھیلانے کا باعث بن رہا ہے۔ انتظامیہ کو چاہیے واٹر فلٹریشن پلانٹ ٹھیک کروائے تا کہ ہمیں صاف پانی میسر ہو سکے ۔

مزیدخبریں