مانیٹرنگ ڈیسک : دنیا میں کئی ایسے افراد موجود ہیں جو کچھ منفرد کرکے اپنا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز کی بُک میں درج کرواتے ہیں۔ نائیجیریا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے بھی کچھ ایسا ہی سوچا اور مسلسل 7 دن تک رو کر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔
رپورٹس کے مطابق اس منفرد ریکارڈ کو بنانے کی کوشش کے دوران نائیجیرین شخص جس کا نام ٹیمبو ایبرے ہے اپنی قوت بصارت عارضی طور پر کھو بیٹھا۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ مسلسل 7 دن تک رونے کا ورلڈ ریکارڈ بنانے کے دوران نائیجیرین شخص کو مسلسل آنسو نکالنے کی وجہ سے پہلے سر میں شدید درد ہوا، پھر منہ اور آنکھیں سوج گئیں اور اس کے بعد حیران کن طور پر وہ 45 منٹ تک نابینا ہوگیا۔ تاہم کچھ دیر کے بعد اسے دکھائی دینے لگا۔
ٹیمبو ایبرے نے بتایا کہ اس نے ابھی گنیز ورلڈ ریکارڈز کے حکام کو اپنی اس کوشش کے بارے میں اطلاع نہیں دی تھی اس لیے یہ کوشش شمار نہیں کی جائے گی۔ تاہم وہ دوبارہ طویل وقت تک مسلسل رونے کا ریکارڈ بنانے کی کوشش کرے گا۔
ان دنوں نائیجیرین افراد گنیز ورلڈ ریکارڈز کی کتاب میں اپنا نام درج کروانے کے لیے منفرد اور حیرت انگیز کام کررہے ہیں۔رپورٹس کے مطابق گزشتہ دنوں نائیجیرین خاتون نے تقریباً 100 گھنٹوں تک مسلسل کھانا پکانے کا ورلڈ ریکارڈ قائم کیا تھا۔