ویب ڈیسک : ملک کے سینئر معروف صحافی اور سابق نگراں حکومت کے وفاقی وزیر عارف نظامی انتقال کرگئے۔
رپورٹ کے مطابق عارف نظامی عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور گزشتہ 2 ہفتوں سے لاہور کے مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے۔جہاں وہ آج خالق حقیقی سے جاملے۔
عارف نظامی انگریزی اخبار پاکستان ٹوڈے کے بانی و ایڈیٹر اور نوائے وقت اخبار گروپ کے بانی حمید نظامی کے بیٹے تھے۔عارف نظامی کے والد حمید نظامی نے تئیس مارچ سنہ انیس سو چالیس کو عین اس دن لاہور سے نوائے وقت کا پہلا پرچہ شائع کیا تھا جب لاہور کے منٹو پارک میں قرارداد پاکستان پیش کی گئی۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق تو کہا جا سکتا ہے کہ مینار پاکستان اور اخبار نوائے وقت اس یادگار قومی دن کی دو ایسی نشانیاں ہیں جن کا تعلق براہ راست لاہور سے ہے۔ عارف نظامی اس وقت بچے تھے جب ان کے والد صرف پینتالیس برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
اپنے چچا مجید نظامی سے اختلافات کے نتیجے میں انہیں انگریزی اخبار نیشن کی ادارت سے برطرف کردیا گیا ۔ جس کے بعد سال 2010 میں عارف نظامی نےپاکستان ٹو ڈےکی بنیاد رکھی تھی۔وہ نگراں وفاقی وزیر کے عہدے پر بھی تعینات رہے۔ انہیں سال 2013 میں نگراں وفاقی وزیر برائے اطلاعات و پوسٹل سروسز بنایا گیا تھا۔سال 2015 میں وہ نجی ٹی وی چینل ’چینل 24‘ کے سی ای او بنے جہاں سے پروگرام کی میزبانی بھی کیا کرتے تھے۔ عارف نظامی پاکستان میں اخبارات کے مدیروں کی ایک تنظیم سی پی این ای کے منتخب صدر بھی رہے۔
سابق آصف زرداری نے سینئرصحافی عارف نظامی کےانتقال پر اظہار افسوس کیا ہے، اپنے تعزیتی بیان میں آصف زرداری نے کہا کہ عارف نظامی کے انتقال کی خبر سن کر بہت رنجیدہ ہوں، مرحوم صحافت میں معتبر مقام رکھتےتھے۔
وزیر اعظم عمران خان نے عارف نظامی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللّٰہ مرحوم کے درجات بلند کرے اور ان کے اہلخانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سینئر صحافی عارف نظامی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق آرمی چیف نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے ۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے بھی انکی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے جبکہ وفاقی وزیراطلاعات چودھری فواد حسین کا کہنا تھا کہ ان کی وفات کی خبر سے دل بجھ گیا ہے