عید پر گوشت ضرور کھائیں مگر احتیاط سے، طبی ماہرین کا مشورہ

21 Jul, 2021 | 03:29 PM

Sughra Afzal

کینال روڈ(عظمت اعوان) خوش خوراکی کے شوقین افراد کا پیٹ تو بھر جاتا ہے لیکن نیت نہیں بھرتی، طبی ماہرین کے مطابق گنجائش سے زیادہ کھانا آپ کو فائدے کی بجائے نقصان پہنچاتا ہے، زیادہ چکنا گوشت دل کے مریض اور مصالحے سے بھرپور گوشت معدے کے مریضوں کیلئے انتہائی مضر ہے۔

 عیدالاضحیٰ کو بڑی عید یا عید قربان بھی کہا جاتا ہے، مسلمانوں کا یہ تہوار ہمیں اس عظیم قربانی کی یاد دلاتاہے، جو اللہ کے خلیل حضرات ابراہیم نے دی، اس موقع پر دنیا بھر کے کروڑوں مسلمان قربانی کرکے سنت ابراہیمی کی یاد تازہ کرتے ہیں، اس مقدس مذہبی عمل کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ عید قربان پر گوشت پر بھی دل کھول کر ہاتھ صاف کیا جاتا ہے،جس کی وجہ سے شہریوں کی بڑی تعداد ہسپتال پہنچ جاتی ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہےکہ عید قرباں ایثار اور احساس کا نام ہے اسے فوڈ فیسٹول نہ بنائیں، گوشت ضرور کھائیں لیکن اعتدال کے ساتھ، ورنہ لینے کے دینے پڑ جائیں گے، بدہضمی کا شکار ہوکر ہسپتال جانے سے بچنا ہے تو مزے مزے کے پکوان کھاتے ہوئے اعتدال میں رہنا ہوگا۔

ایم ایس میو ہسپتال کہتے ہیں کہ معدہ ،جگر اور گردوں کے مریض گوشت خوری میں احتیاط سے کام لیں، اناڑی قصاب کا بنایا ہوا گوشت بھی بیمار کرسکتاہے، گوشت پکاتے وقت تیز مصالحوں کے استعمال سے گریز کریں، باسی گوشت کھانے کے عادی افراد عید پر ہی تازہ گوشت کھاتے ہیں، اکثر شہریوں کو تازہ گوشت کی عادت نہ ہونے کے سبب بھی ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے،قربانی کے فوری بعد گوشت پکانے کی بجائے کم ازکم دو گھنٹے بعد پکانا چاہیئے

مزیدخبریں