(قذافی بٹ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے حکومت کی بقیہ مدت پوری کروانے کا اعلان کردیا، کہتے ہیں حکومت ایک ملبہ بن چکی ہے، ہم نہیں چاہتے کہ وقت سے پہلے یہ ملبہ گرے۔
منصورہ میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہ کہ موجودہ حکومت بہانے سے شہادت کا رتبہ چاہتی ہے، ہم انہیں یہ موقع نہیں دینا چاہتے، اگر انہیں مدت پوری نہ کرنے دی گئی تو وزیراعظم کہیں گے اگر ہم رہتے تو آسمان سے تارے بھی توڑ لاتے، ہم چاہتے ہیں کہ یہ جتنا بے نقاب ہو چکے، اپنی بقیہ مدت میں عوام کو انکا باقی اصل چہرہ بھی نظر آجائے، پی ٹی آئی کی جانب سے مسلط کردہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کا جینا محال ہو چکا ہے، حکومت کا معاشی نظام ناکام ہو چکا ہے، تبدیلی کا نعرہ اور انتخابی نعرے ہوا ہو چکے ہیں۔
سینیٹر سراج الحق نے مزید کہا کہ انتخابی اصلاحات کے حوالے سے حکومتی کوششیں ناقابل قبول ہیں،نئے صاف اور شفاف انتخابات کے لئے تمام جمہوری قوتیں ضابطہ اخلاق بنا لیں ورنہ پرانے انتخابات کی طرح کوئی بھی اسے قبول نہیں کرے گا، آزاد کشمیر کے انتخابات میں سلیکشن ہورہی ہے، وزیراعظم کا امیدوار 50 کروڑ بیس کروڑ دیکر ٹکٹ لے رہا ہے، موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ مسئلہ کشمیر کو بالکل ہی ختم کردیا جائے،آزاد کشمیر کوصوبہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے،یہ سب سری نگر کو نہیں بلکہ مظفرآباد کو فتح کرنا چاہتے ہیں۔