سٹی 42: کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے پنجاب کے چار شہروں کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔
سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرکیپٹن (ر) محمد عثمان کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی، گجرات ، سیالکوٹ اور گوجرانوالا کے زیادہ کورونا کیسز والے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سیالکوٹ میں کلاں لدھڑ اور ٹاؤن غازی پور، واہ کینٹ میں وارڈ 3، وارڈ 8 اوریوسی سرائے کالا میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے جب کہ گجرات میں محلہ کالوپورہ، چاہ ترنگ اورگاوں مدینہ سیداں میں اسمارٹ لاک ڈان لگایا گیا ہے۔ گوجرانوالہ میں نندی پور، اروپ ٹاؤن اور قلعہ دیدار سنگھ میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔
کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن والے ایریاز میں اشیاء ضروریہ میسر رہیں گی اور لاک ڈاؤن کا مقصدزیادہ کیسز والے علاقوں سے آمدورفت کو محدودکرنا ہے۔
واضح رہے کہ صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 90444 ہوچکی ہے جب کہ اموات کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
یادرہے ملک میں کورونا سے مزید 40 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 5631 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 265791 تک جاپہنچی ہے۔اب تک پنجاب میں 2083 ، سندھ میں 1993 اور خیبر پختونخوا میں 1147 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ اسلام آباد میں 159 ، بلوچستان میں 133، آزاد کشمیر میں 47 اور گلگت بلتستان میں 43 افراد کا انتقال ہوا ہے۔
پنجاب میں ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے پر حکومت نے عید کے دنوں کے دوران بازاروں کو مکمل بند کرنےپر غور شروع کردیا ہے،بازاروں ،مارکیٹوں میں رش بڑھنے سے کورونا وائرس کا پھیلائو بڑھنے کا خدشہ ہے۔بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ ،تعلیمی ادارے پہلے ہی بند ہیں۔