ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کا ذمہ دار کون؟ پی سی بی نے اجلاس طلب کرلیا

21 Jul, 2019 | 09:42 PM

Arslan Sheikh

( شہباز علی ) ورلڈ کپ میں ناقص کارکرردگی کا ذمہ دار کون اور کن وجوہات کی بنا پر قومی ٹیم ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے سے باہر ہوئی، ان تمام معاملات کا جائزہ لینے کے لئے پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس 29 جولائی کو طلب کرلیا گیا۔

ایم ڈی پی سی بی وسیم خان اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم کی گذشتہ تین سال کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور منیجر طلعت علی کی رپورٹس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ منیجر طلعت اپنی رپورٹ پی سی بی حکام کو بھجوا چکے ہیں جبکہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر 27 جولائی کو لاہور پہنچنے کے بعد اپنی رپورٹ پی سی بی حکام کے حوالے کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ اجلاس میں بطور کپتان سرفراز احمد کے مستقبل کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ سمیت کوچنگ سٹاف اور نئی چیف سلیکٹر کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔

کمیٹی کے اہم رکن سابق کپتان وسیم اکرم کینیڈا سے بذریعہ ٹیلیفونک اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ سابق کپتان مصباح الحق اور قومی ویمن ٹیم کی سابق کپتان عروج ممتاز بھی اجلاس میں شرکت کریں گی۔

مزیدخبریں