(سٹی 42) سرکاری نرخ سے زیادہ قیمت پر اشیائے خورونوش فروخت کرنے والے دکاندار ہوجائیں ہوشیار، پنجاب حکومت نے دکانداروں کی شکایات کے لئے " قیمت پنجاب ایپ " متعارف کروادی۔
تفصیلات کے مطابق مہنگائی کی ستائی ہوئی عوام سے اشیائے خورونوش کی من مانی قیمت وصول کرنے پر پنجاب حکومت نے قیمت ایپ متعارف کروادی، اس ایپ کے ذریعے اب شہریوں کو ہر شے سرکاری نرخ پر ملے گی، مہنگائی کے اس دور میں پنجاب حکومت کی جانب سے عوام کے لئے بڑا ریلیف ہے، یہ ایپ دکانداروں کے طرف سے اشیائے خورونوش، پھلوں، سبزیوں اور گوشت کی قیمتوں میں اضافے کی روک تھام کے تدارک کے لئے متعارف کروائی گئی۔
پنجاب حکومت کے اس مثالی اقدام کی بدولت شہری اس ایپ کے ذریعے اپنے فون پر اشیائے خور و نوش، پھلوں، سبزیوں اور گوشت کے تازہ ترین سرکاری ریٹ دیکھ سکتے ہیں، اس ایپ سے اُردو، انگریزی زبان میں معلومات لے سکتے ہیں، اس ایپ کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس کا ستعمال پنجاب بھر میں تیزی کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔