ترکیہ کے ہوٹل میں آتشزدگی، 66 افراد جاں بحق، 51 زخمی

21 Jan, 2025 | 06:05 PM

ویب ڈیسک : شمال مغربی ترکیہ کے (سکی ریزورٹ) ہوٹل میں آگ لگنے سے اب تک 66 افراد ہلاک اور  51  زخمی ہوچکے ہیں ۔ 

اب تک حاصل ہونے والی رپورٹ کے مطابق آتشزدگی کا واقع آج دوپہر تقریباً 3 بجے ترکی کے شہر  تالکایا کے ایک سیاحتی علاقے میں قائم 11 منزلہ گرینڈ ہوٹل میں پیش آیا۔ 

وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ہمیں بے حد افسوس ہے، بدقسمتی سے اس ہوٹل میں لگنے والی آگ میں ہم اپنے 66 افراد کی جانیں گنوا چکے ہیں ۔ اس کے علاوہ وزیر صحت کمال میمیسوگلو نے بتایا ہے کہ حادثے میں ہونے والے زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

صوبہ بولو کے گورنر عبدالعزیز آیدین نے بتایا ہے کہ آگ ہوٹل کی چوتھی منزل پر صبح 3:30 بجے پر لگی، ہوٹل میں آگ لگنے کے بعد  اندر موجود افراد میں سے دو  نے گھبراہٹ میں عمارت سے چھلانگ لگا دی، جس کی وجہ سے دونوں جاں بحق ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ 30 فائر ٹرک اور 28 ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں، کئی گھنٹے بعد بھی فائر فائٹرز اسے بجھانے کے لیے کام کر رہے تھے۔

 انہوں نے کہا کہ آگ ریستوران کے فرش پر لگی، اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جائیں گی ۔ حکومت نے آتشزدگی کی تحقیقات کرنے کے لیے پراسیکیوٹرز  کی 6 رکنی ٹیم تیار کردی ہے ۔ 

ہوٹل کے انسٹرکٹر نیکمی کیپسیٹوٹن نے بتایا کہ جب آگ بھڑک اٹھی تو وہ سو رہے تھے اور وہ عمارت سے باہر نکل آئے۔ اس نے تقریباً 20 مہمانوں کو ہوٹل سے باہر نکالنے میں مدد کی۔ کچھ لوگوں نے چادروں اور کمبلوں کا استعمال کرتے ہوئے اپنے کمروں سے نیچے اترنے کی کوشش کی۔

عام طور پر اس طرح کے ہوٹلز میں ایسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پورا انتظام کیا جاتا ہے، تاہم ابھی تک ملنے والی رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ ہوٹل کا فائر ڈیٹکشن سسٹم کام کرنے میں ناکام رہا ۔ 

ہوٹل کی تیسری منزل پر ان دنوں رہنے والے ایک مہمان اتکان یلکووان نے میڈیا کو بتایا کہ "میری بیوی کو کسی چیز کےجلنے کی بو آ رہی تھی، لیکن ایسے حالات میں عام طور پر الارم بج جایا کرتا ہے، لیکن الارم نہیں بج رہا تھا۔ پھر جب ہم نے چیک کرنے کیلئے اوپر والی منزل تک جانے کی کوشش کی، تاہم آگ کے بھڑکتے ہوئے شعلوں کو دیکھ کر ہم اوپر نہیں گئے، اس کے بعد ہم بھاگ کر ہوٹل سے باہر آگئے ۔

 یلکووان نے بتایا کہ "اوپری منزل پر لوگ چیخ رہے تھے، انہوں نے چادریں لٹکائیں اور ان میں سے کچھ نے چھلانگ لگانے کی کوشش کی۔ اس نے بتایا  کہ آگ بجھانے والی ٹیموں کو پہنچنے میں تقریباً ایک گھنٹہ لگا۔

یہ ہوٹل استنبول سے تقریباً 300 کلومیٹر مشرق میں کوروگلو کے پہاڑوں میں ایک مشہور سکی ریزورٹ ہے۔ موسم سرما کی چھٹی گزارنے لوگوں کی بڑی تعداد اس ہوٹل میں موجود ہے۔ ہوٹل میں 234 مہمان ٹھہرے ہوئے تھے، آتشزدگی کے بعد ریزورٹ کے دیگر ہوٹلوں کو احتیاط کے طور پر خالی کرا لیا گیا تھا۔

مزیدخبریں