بنگلہ دیش کی پاکستان سے مزید 15 ہزار میٹرک ٹن چینی کی درآمد میں دلچسپی

21 Jan, 2025 | 04:27 PM

ویب ڈیسک: بنگلہ دیش نے پاکستان سے حکومتی سطح پر مزید 15 ہزار میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے تاکہ مقامی رسد کی کمی کو دور کیا جا سکے۔

 وزارت تجارت کے ذرائع نے  بتایا کہ بنگلہ دیش کو اس وقت چینی کی قلت کا سامنا ہے اور اس نے اپنی درآمدی ضروریات کے لئے پاکستان کا رخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ سال دسمبر میں بنگلہ دیش اپنی مقامی کھپت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے نجی شعبے کے ذریعے پاکستان سے تقریباً 25 ہزار میٹرک ٹن چینی درآمد کر چکا ہے۔

 اس سے قبل بنگلہ دیش بھارت سے چینی درآمد کر رہا تھا تاہم چینی کی برآمد پر کچھ پابندیوں کی وجہ سے بنگلہ دیش پاکستان سے درآمد کے مواقع تلاش کر رہا ہے، جس کے پاس چینی کا اضافی ذخیرہ اور برآمدی اجناس وفاقی حکومت کی منظوری سے موجود ہے، تاکہ گزشتہ سٹاک کو آف لوڈ کیا جا سکے اور ملک کے لیے زرمبادلہ کمایا جا سکے،پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارتی تعلقات مسلسل فروغ پا رہے ہیں، کیونکہ گزشتہ ماہ 25 ہزار ٹن چینی برآمد کرنے کے بعد اس وقت 50 ہزار میٹرک ٹن چاول کی درآمد کا معاہدہ جاری ہے اور توقع ہے کہ اگلے ہفتے تک اسے حتمی شکل دے دی جائے گی۔
 

مزیدخبریں