سٹی42 : وفاقی وزیر محسن نقوی نے کہا ہے کہ آج امریکا کے لئے ایک تاریخی دن ہے، امریکی عوام صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے محبت کرتے ہیں۔
ان دنوں دورہ امریکا پر موجود وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے واشنگٹن میں لنکن لبرٹی بال میں خصوصی عشائیہ کی تقریب میں شرکت کی، ان کا عشائیہ میں پرتپاک خیرمقدم کیا گیا، اس دوران وزیر داخلہ نے امریکی سینیٹرز۔ ممبرز کانگریس اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے سینٹر ٹومی ٹیوبر ویل، ممبر کانگریس کین کلورٹ، سابق برطانوی وزیر اعظم لز ٹراس، گورنر میسیپی فلپ برینٹ سے ملاقاتیں کیں۔
رپورٹ کے مطابق ان ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے صدارت کا عہدہ سنبھالنے پر امریکی سینیٹرز و ممبرز کانگریس کو مبارکباد دی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکی عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ آج امریکہ کے لئے ایک تاریخی دن ہے، امریکی عوام صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے محبت کرتے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ میں شاہد ہوں کہ آج امریکی عوام نے ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت کو زبردست طریقے سے منایا ہے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کا نیا باب شروع ہوگا، میں امریکا کے عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔