ملک کے بیشتر علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان، پہاڑوں پر برفباری ہوگی، محکمہ موسمیات

21 Jan, 2025 | 09:49 AM

سٹی42:  محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے جبکہ  ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان  ہے تاہم  پنجاب کے بیشتر اضلاع اور با لا ئی سندھ میں ہلکی سے درمیانی دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

 شہر لاہور میں دھند کی شدت میں کمی کے بعد شہر میں حد نگاہ بہتر ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ، سرد ہوائیں چلنے کی وجہ سے شہر میں سردی کی شدت برقرار ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق   موجودہ درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے.

ماہرین کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔  لاہور میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح میں کمی دیکھنے کو ملی ہے۔ شہر میں اے کیو آئی (ایئر کوالٹی انڈیکس) کی مجموعی شرح 163 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باوجود لاہور آلودہ شہروں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔ امریکی قونصلیٹ میں فضائی آلودگی کی شرح 294 ریکارڈ کی گئی۔ عسکری ٹین میں آلودگی کی شرح 198، جوہر ٹاؤن 193، اور اڈا پلاٹ میں 188 ریکارڈ کی گئی ہے۔ شہر  قائد میں آج  وقفے وقفے سے معمول سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے, شہر کا موسم اس وقت ابر آلود، سرد اور خوشگوار ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2روز کے مقابلے میں آج درجہ حرارت میں 1سے 2ڈگری کی کمی متوقع ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے، موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 56 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

  کراچی کا فضائی معیار بدستور خراب ہے، پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ کراچی میں ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 208 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔ کراچی کے آلودہ ترین علاقوں میں گلشنِ اقبال، شاہرہ فیصل، کورنگی اور مائے کولاچی شامل ہیں، جہاں اے کیو آئی 200 سے تجاوز کر چکا ہے۔

بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ تاہم، کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور چاغی میں تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے۔کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ قلات میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا  اور زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ژوب میں 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، سبی میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تربت میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، نوکنڈی میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ چمن میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جیوانی میں کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں میں اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ خیبر پختونخواکے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم اور وزیرستان میں تیز ہوائیں/جھکڑ چلنے کےساتھ ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ 

مزیدخبریں