ویب ڈیسک: امیر جماعت اسلامی سراج الحق یہ حکمران جلسوں میں اپنی کارکردگی بتائیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ان کی کارکردگی زیرو ہے۔ قوم کو اہل ایماندار قیادت چاہیے جو صرف جماعت اسلامی دے سکتی ہے۔
سراج الحق نے مردان میں ختم بخاری شریف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کو حکومت ملتی ہے تو ہم بیوروکریسی میں اصلاحات متعارف کرائیں گے، انگریز کے دیے گئے نظام، موجودہ وی آئی پی کلچر اور خاندانوں کی پارٹیوں سے خلاصی حاصل کیے بغیر ترقی ممکن نہیں،جماعت اسلامی کامیاب ہوکر غیر ترقیاتی اخراجات کا خاتمہ کرے گی، بچت کو یتیموں اور معذوروں کی کفالت پر خرچ کریں گے، بے روزگار نوجوانوں کو روزگار اور تعلیم عام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سود کا خاتمہ کرکے معیشت کو اسلامی اصولوں پر استوار کرے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمران اشرافیہ ایکسپوز ہوگئی، قوم سابقہ حکمرانوں کے جعلی دعوؤں سے تنگ آچکی ہے، ان کے پاس کارکردگی دکھانے کو کچھ بھی نہیں، یہ اب پھر جھوٹے وعدے کررہے ہیں، پی پی کے چیئرمین کی دلیل ہے کہ اگر ان کے نانا اور والدہ وزیراعظم رہے تو یہ کرسی انہیں بھی دی جائے، کوئی چوتھی بار ایوان وزیراعظم میں براجمان ہونا چاہتے ہیں، ن لیگ گزشتہ تین دہائیوں سے اقتدار میں ہے، پیپلز پارٹی نے سندھ پر15برس حکومت کی، بہتری لانے کے لیے اتنی مدت کافی ہوتی ہے، یہ حکمران جلسوں میں اپنی کارکردگی بتائیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ان کی کارکردگی زیرو ہے، ان کی وجہ سے ملک 80ہزار ارب کا مقروض ہے، سالانہ پانچ ہزار ارب کی کرپشن ہوتی ہے،انہوں نے ملک پر آئی ایم ایف،ورلڈ بنک کی پالیسیاں مسلط کیں، مہنگائی اور بے روزگاری عام کی، انہوں نے عوام کے لیے سانس لینا بھی دشوار بنا دیا، ملک میں دکاندار، تاجر پریشان ہیں، کاروبار ختم ہوگیا، روپیہ اپنی قدر کھو چکا، معیشت بیٹھ گئی، ادارے کمزور ہوئے، پونے دوکروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، نوجوان بے روزگار ہیں، کل بلوچستان اور سندھ کا دورہ کیا، عام پریشان حال، حکمران اشرافیہ، جاگیردار، وڈیرے مزے میں ہے۔
امیر جماعت نے کہا کہ محدود وسائل اور اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود جماعت اسلامی نے عوامی خدمت کی مثالیں قائم کیں، عوام ہمیں ووٹ دے، وعدہ کرتے ہیں ان کی بہتری کے لیے دن رات ایک کردیں گے، کرپٹ پارٹیاں کرپشن ختم کرسکتی ہیں نہ عوام کو ان کا حق دیں گی۔ حکمران اشرافیہ کو اپنے خاندانوں اور اولادوں کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا، ان کے ہوتے ہوئے عوام کو کسی باہر کے دشمن کی ضرورت نہیں، انہوں نے باریاں لگارکھی ہیں، ملک میں وسائل کی کمی نہیں، مسئلہ قیادت کا ہے، قوم کو اہل ایماندار قیادت چاہیے جو صرف جماعت اسلامی دے سکتی ہے۔ 8فروری کو عوام ان ووٹ سے ان کا سیاسی مستقبل ختم کردیں گے۔