جسٹس عائشہ اے ملک جج سپریم کورٹ آف پاکستان تعینات

21 Jan, 2022 | 06:06 PM

Arslan Sheikh

ملک اشرف: صدر مملکت عارف علوی نے مسز جسٹس عائشہ اے ملک کو جج سپریم کورٹ آف پاکستان تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 177 کی کلاز ون کے تحت  منظوری دی جبکہ صدر پاکستان کی منظوری کے بعد وزارت قانون و انصاف نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس عائشہ اے ملک کے اعزاز میں پُروقار الوداعی تقریب منعقد ہوئی۔ لاہور ہائیکورٹ کے ججز لاؤنج میں الوداعی تقریب میں سینئر ترین جج جسٹس ملک شہزاد احمد خان، جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس شاہد وحید، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس شاہد بلال حسن، جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس شاہد جمیل خان، جسٹس مسعود عابد نقوی اور جسٹس ساجد محمود سیٹھی بھی شریک ہوئے۔

اس کے علاوہ جسٹس طارق سلیم شیخ،جسٹس فیصل زمان خان، جسٹس سردار احمد نعیم، جسٹس سید شہبازعلی رضوی سمیت دیگر ججز نے شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں چیف جسٹس نے انتظامی کمیٹی کے ججز کے ہمراہ جسٹس عائشہ اے ملک کو پھول پیش کئے۔ جسٹس عائشہ اے ملک 27 مارچ 2012 کو جج لاہور ہائیکورٹ تعینات ہوئی تھیں، ان کی سپریم کورٹ تعیناتی کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں ججز کی تعداد 47 رہ گئی ہے۔ ہائیکورٹ میں ججز کی خالی آسامیوں کی تعداد بڑھ کر 13 ہوگئی۔

مزیدخبریں