ویب ڈیسک : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان سے پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور کوویڈ- 19 کے چیلنجوں کے باوجود پولیوکے خاتمے کی مہم شدت سے جاری ہے۔
وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے بل اینڈ ملنڈا گیٹس فائونڈیشن کے شریک چئیرمین بل گیٹس سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ اس دوران پاکستان میں پولیو کے خاتمے اور حالیہ کوڈ 19 وبا سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نےبل و ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے غربت کے خاتمے، امراض اور دنیا میں عدم مساوات کے خاتمے کے لئے کام کو سراہا۔ انہوں نے فاؤنڈیشن کے پاکستان میں کام کو بھی سراہا۔
Prime Minister @ImranKhanPTI had a telephonic conversation with Mr. @BillGates, Co-Chairman of Bill & Melinda Gates Foundation, today and discussed matters of shared concern including Polio Eradication in Pakistan and the ongoing Covid-19 pandemic. pic.twitter.com/4hH7Oc5G8G
— Prime Minister's Office, Pakistan (@PakPMO) January 20, 2022
وزیر اعظم نے اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان سے پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور کوویڈ- 19 کے چیلنجوں کے باوجود پولیو کے خاتمے کے لئے مہم شدت سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے پولیو کے کیسز میں 2021 میں تیزی سے کمی کے ساتھ مثبت پیشرفت جاری ہے اورپورے سال میں صرف ایک پولیو کیس ریکارڈ ہوا ہے۔
گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے کوڈ ویکسین تک رسائی کی مضبوط وکالت کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے زور دیا کہ کوویڈ- 19 ویکسین کی مساوی، بروقت اور متناسب ترسیل اہم ہے کیونکہ اس سے کم آمدن ملکوں کو اس وبا کے سماجی اور معاشی اثرات سے نمٹنے میں مدد ملی۔
بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کے لئے پاکستان کی حالیہ کوششوں کو سراہتے ہوئےپولیو کے خاتمے کے اپنے عزم کو دہرایا۔انہوں نے کوویڈ- 19 کی ویکسی نیشن کی کامیاب مہم کو سراہتے ہوئے گیٹس فائونڈیشن کی جانب سے امداد جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔وزیر اعظم اور بل گیٹس نے شراکت داری کے مقاصد کے لئے مل کرکام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔