فاران یامین : گلستان کالونی میں واقع گھر میں ہیٹر کی وجہ سے آتشزدگی،ایک ہی خاندان کے 8افراد جھلس گئے،حادثے میں ایک بچہ اور 2بچیاں جان کی بازی ہارگئیں ،ماں باپ سمیت دیگر تین بھائیوں کو جنرل ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ایک کمرہ کا آشیانہ پل بھر میں خاک ہوگیا،ماں باپ کی آنکھوں کی رونق دو ننھی بہنیں اور ان کا بھائی دھوان بھرنے اور آگ سے جاں بحق ہوگیا۔ صبح سویرے گلستان کالونی چنگی امر سدھو کے گھر میں آگ بھڑک اٹھی،گھر میں ماں باپ سمیت 6 افراد سوئے ہوئے تھے،آگ کے باعث والد کی آنکھ کھلی،مشکل سے سانس لیتے اور آگ سے جھلسے باپ میں خاندان کو بچانے کے لئے محلہ داروں کے دروازے کھٹکھٹائے ۔
محلہ داروں نے فوراً اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش بھی شروع کر دی، مگر آ گ کی شدت بہت زیادہ تھی،اہل محلہ نے زخمیوں کو ریسکیو اور اپنی مدد آپ کے تحت جنرل ہسپتال طبی امداد کے لئے پہنچایا،غمزہ خاندان کے قریبی عزیز کےمطابق سردی کی وجہ سے ہیٹر جلایا تھا اور ساتھ موٹر سائیکل کھڑی تھی جو آگ لگنے کا باعث بنی۔
آگ میں جھلس کر جاں بحق ہونے والوں میں 2سالہ علی عباس، 4 سالہ زہرا،6 سالہ لاریب شامل ،زخمیوں میں مراتب علی ، فرزانہ اور تین بیٹے علی رضا،علی حسن اور علی حمزہ شامل ہیں، ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔