بیوروکریسی نے وزیر اعلی کے احکامات بھی نظر انداز کردیئے

21 Jan, 2021 | 10:19 PM

Shazia Bashir

علی رامے: بیوروکریسی نے ٹھیکداروں کے مسائل حل کرنے کے لیے وزیر اعلی کے احکامات بھی نظر انداز کردیئے، وزیر اعلی کی ہدایات پر کنٹریکٹر کے مسائل حل کرنے کے لیے محکمہ مواصلات و تعمیرات میں بلائے گئے اجلاس میں اعلی افسران شریک ہی نہ ہوئے، ایسوسی ایشن آف پاکستان نے افسران کی عدم دلچسپی پر اجلاس کا بائیکاٹ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے کنٹریکٹرز کے مسائل دور کرنے کے لیے اجلاس طلب کیا اور اس اجلاس میں مختلف محکموں کے اعلی افسران کو محکمہ مواصلات و تعمیرات کے سیکریٹریٹ میں مدعو کیا گیا، لیکن اجلاس میں اعلی حکام کی عدم شرکت پر کنٹریکٹر ایسوسی ایشن آف پاکستان نے احتجاج کرتے ہوئے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا۔

چئرمیں کیپ سید اشفاق کا کہنا ہے کہ سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اور دوسرے سیکرٹریز کی عدم دلچسپی کی بنا پر میٹنگ میں نہ آنے پر بائیکاٹ کیا، سینئر وائس چیئرمین کیپ انجینئر ارشد داد نے سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب نے ان مسائل کو دور کرنے کے احکامات دیے تھے لیکن اعلی افسران کی بے حسی اور عدم دلچسپی پر یہ اجلاس احتجاج کی نظر ہوا۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری مصروفیات کو پس پشت ڈال کر کنٹریکٹرز کے مسائل کے حل کے لئے آئے مگر مایوسی ہوئی، انجینر ارشد داد کا کہنا تھا حکومت کوہر حال میں کنٹریکٹرز کے مسائل کو حل کرنا ہوگا، تاکہ ترقیاتی کاموں کو احسن طریقہ سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔

       

 

 

مزیدخبریں