عثمان علیم: طلاق و خلع کے 5 ہزار 643 کیسز التوا کا شکار، چیف میٹروپولیٹن کارپوریشن کا تمام زیر التوا کیسز ایک ہفتے میں نمٹانے کا فیصلہ۔
تفصیلات کے مطابق چیف کارپوریشن آفیسر ایم سی ایل شوکت علی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، طلاق و خلع کیسز، تجاوزات، غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز، مویشیوں کا گنجان آبادیوں سے انخلاء، اینٹی گداگر مہم اور غیر قانونی تعمیرات پر کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
ایم او ریگولیشن ہیڈکوارٹر زبیر وٹو نے ریگولیشن امور پر بریفنگ دی، چیف کارپوریشن آفیسر کا کہنا تھا کہ طلاق و خلع کے 6 ہزار 135 کیسز میں سے 508 نمٹا دئیے گئے، 5643 کیسز اب بھی التوا کا شکار ہیں جنہیں ایک ہفتہ نمٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
زونل ڈپٹی ریگولیشن آفیسرز مرکزی شاہراہوں پر تجاوزات کے مکمل خاتمے کو یقینی بنائیں، تجاوزات کی مد میں جرمانوں کا آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیاگیا ہے، تجاوزات کا جرمانہ براہ راست بینک میں جمع کرانا ہوگا، قبضے میں لئے گئے سامان کی سٹورز پر جرمانوں کی ادائیگی پر پابندی عائد کردی ہے، ممنوعہ یونین کونسلز میں قائم 38 حویلیاں سیل کی گئیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پانچ شاہراہوں پر کسی صورت گداگروں کو داخل نہ ہونے دیا جائے، غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کو فوری ختم کرایاجائے، اجلاس میں چیف ایم او انفراسٹرکچر عبدالقیوم خان نیازی، احسان سرور زیدی،سدرہ ظفر، نورالصباح، وقاص علی اصغر، عتیق عاشق، علی طاہر، صغیر بھٹی، تہمینہ لطیف کھوکھر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔