در نایاب: وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شہر کو تقریباً 14 ارب مالیت کے چار میگا پراجیکٹس کا تحفہ، شیرانوالہ گیٹ فلائی اوور، شاہکام چوک فلائی اوور، کریم بلاک انڈر پاس اور فلائی اوور اور گلاب دیوی انڈر پاس پراجیکٹس پر کام کی رفتار تیز، گیارہ لاکھ سے زائد شہریوں کو ٹریفک کے مسائل سے نجات ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور شہر کی آبادی سوا کروڑ سے بڑھ چکی ہے اور ٹریفک کے گھمبیر مسائل کا سامنا ہے۔ ان مسائل کے حل کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ذاتی دلچسپی لی اور پہلے فیز میں 4 میگا پراجیکٹس کی پلاننگ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
ایل ڈی اے کے ٹریفک کاؤنٹ کے مطابق شاہکام چوک فلائی اوور سے روزانہ تین لاکھ افراد کو سہولت ملے گی، کریم بلاک اور گلاب دیوی منصوبوں سے روزانہ دو دو لاکھ شہری مستفید ہوں گے جبکہ سب سے زیادہ ساڑھے چار لاکھ شہری شیرانوالہ گیٹ فلائی اوور سے فائدہ اٹھائیں گے۔ چاروں پراجیکٹس کی لاگت کا تخمینہ 13 ارب 89 کروڑ 60 لاکھ روپے ہے۔ چیف انجینئر کے مطابق فنڈز ملتے ہی بلاتاخیر کام شروع ہوجائے گا۔
شیرانوالہ گیٹ فلائی اوور پر پانچ ارب چونتیس کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ شاہکام چوک فلائی اوور منصوبہ چار ارب اٹھارہ کروڑ اسی لاکھ کی لاگت سے مکمل ہوگا۔ کریم بلاک انڈر پاس اور فلائی اوور پر لاگت کا تخمینہ دو ارب اکاون کروڑ روپے لگایا گیا ہے جبکہ گلاب دیوی انڈر پاس اور لاہور برج کی ایڈیشنل لین ایک ارب پچاسی کروڑ میں مکمل ہونگے۔
تبدیلی سرکار نے آتے ہی لاہور شہر کے علاوہ دیگر اضلاع میں ترقیاتی کام شروع کرنے کا واضح اعلان کیا تھا لیکن وقت کے ساتھ ساتھ لاہور شہر کے بدحالی نے ثابت کیا کہ اگر لاہور کے لئے مزید ترقیاتی کام نہ کئے گئے تو لاہور نہ ختم ہونے والے مسائل میں گھر جائے گا۔