لاہور پارکنگ کمپنی میں مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات شروع

21 Jan, 2021 | 04:42 PM

Sughra Afzal

(عثمان علیم) لاہور پارکنگ کمپنی میں مالی بے ضابطگیوں پر اینٹی کرپشن نے سابق آئی ٹی منیجر عثمان چوہان، انسپکٹر شکیل بلوچ اور دو سپروائزروں کے خلاف انکوائری شروع کر دی، زون ٹو میں کروڑوں کی بے ضابطگیوں پر گزشتہ دو سالہ ریکارڈ کے آڈٹ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

لاہور پارکنگ کمپنی میں مالی بے ضابطگیوں پر اینٹی کرپشن نے تحقیقات شروع کر دی ہیں، سابق منیجر آئی ٹی عثمان چوہان پر 70 لاکھ خرد برد کرنے کا الزام ہے، ذرائع کے مطابق ریکوری اور تحقیقات کے لیے اینٹی کرپشن کو درخواست دی گئی ہے، پارکنگ فیسوں میں گھپلوں پر اینٹی کرپشن نے سابق منیجر آئی ٹی عثمان چوہان، انسپکٹر شکیل بلوچ، سپروائزر سہیل اور سپر وائزر دانش کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ جی ایم آپریشنز ریحان، آپریشن منیجر ایچ آر شاہ بخت زمان کو بھی تحقیقات میں شامل کیا گیا ہے۔

 دوسری جانب لاہور پارکنگ کمپنی میں زون ٹو میں ہونے والی کروڑوں کی کرپشن پر بھی کمپنی میں انکوائریاں جاری ہیں، زون ٹو سپروائز اظہر کے خلاف مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں جس نے سرکاری خزانے کو کروڑوں کا چونا لگایا، ذرائع کے مطابق ایک کروڑ کی مالی بے ضابطگی ظاہر کی گئی ہے، مگر بے ضابطگیاں تین کروڑ سے زائد کی ہیں، سپروائزر اظہر کی جانب سے جعلی بنک رسیدیں بنا کر کمپنی میں جمع کروائی گئیں جس پر پچھلے دو سالوں کے ریکارڈ کا آڈٹ کیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں