(عمران یونس) طلبا کا احتجاج رنگ لے آیا، پنجاب یونیورسٹی نے بی ایس، ایم ایس اور ایم فل کے تمام سمسٹرز کے فائنل امتحانات آن لائن لینے کا فیصلہ کر لیا۔
پنجاب یونیورسٹی آن لائن پڑھنے والے طالبعلموں کا آن لائن امتحان لے گی، پنجاب یونیورسٹی نے بی ایس، ایم ایس، ایم فل کے تمام سمسٹرز کے فائنل امتحانات آن لائن لینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، آن لائن امتحانات لینے کا فیصلہ ڈینز کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، یونیورسٹی انتظامیہ نے فائنل امتحانات سے متعلق تمام شعبوں کے سربراہان کو آن لائن اور فزیکل امتحانات سے متعلق خود مختاری دے رکھی تھی، تمام شعبوں کے سربراہان کو فزیکل امتحانات یکم فروری کے بعد کرانے کے احکامات دیئے گئے تھے۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق آن لائن امتحانات کا فیصلہ طلبا کا تعلیمی سال بچانے کیلئے کیا گیا، مختلف یونیورسٹیوں کے طلبا امتحانات سے متعلق کئی روز سے سراپا احتجاج تھے، طلبا نے گورنر ہاؤس کے باہر بھی احتجاج کیا تھا۔
واضح رہےکہ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان میں پہلے گزشتہ سال فروری میں تعلیمی ادارے بند کیے گئے تھے جو کئی ماہ کی بندش کے بعد ستمبر 2020 میں کھلے اور پھر کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث نومبر 2020 میں دوبارہ بند کر دیئے گئے، وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے چند روز قبل تعلیمی ادارے دوبارہ مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کیا اور پہلے مرحلے میں نویں تا بارہویں جماعت کے لیے سکول و کالجز کھولے گئے ہیں، کورونا وبا اور لاک ڈاؤن کے دوران کچھ سکول، کالجز و یونیورسٹیوں نے تدریسی عمل آن لائن کلاسز کے ذریعے جاری رکھا ہوا تھا ۔