محکمہ موسمیات نے بارشوں کی پیشگوئی کردی

21 Jan, 2021 | 12:46 PM

Malik Sultan Awan

(سعدیہ خان) لاہور میں موسم کے مزاج بدل گئے، سورج کی تپش سے پارہ بڑھ گیا، چلچلاتی دھوپ نے سردی کا زور توڑ دیا، دھند میں بھی کمی آگئی۔
لاہور کا موسم رنگ بدلنے لگا ہے، آج دن کے وقت پارہ 20 سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، سورج سے نکلنے والی تپش نے سردی بھگادی ہے، موسم کا احوال بتانے والوں نے کہا ہے کہ سردی کا موسم بیت رہا ہے جبکہ فضا میں تپش نئے موسم کی نوید سنا رہی ہے۔
آئندہ ہفتے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مطلع خشک اور صاف رہے گا، فروری میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ سموگ میں واضح کمی ہوگئی ہے,  آج لاہور کا ایئر کوالٹی انڈکس 150 تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق  راولپنڈی ،اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہے گا،سرگودھا،فیصل آباد،سیالکوٹ اور نارووال میں دھند، گجرات ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، جوہر آباد،جھنگ ،اوکاڑہ ،ملتان بھی دھند کی لپیٹ میں بہاولنگر، ساہیوال ، خانیوال،رحیم یار خان، اوکاڑہ میں بھی دھند چھائی رہے گی۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا،  بلوچستان کے شمالی پہاڑی علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا،  سکھر، لاڑکانہ اور شہید بے نظیر آباد میں دھند چھائی رہے گی۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہےگا،  خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں موسم شدید سرد رہے گا،  گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ کشمیر میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔

مزیدخبریں