ملک محمد اشرف :پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں اضافی فیسوں اور امتحان میں شرکت سے روکنے کا معاملہ، لاہور ہائیکورٹ نے صدر پاکستان میڈیکل کمیشن ڈاکٹر ارشادتقی اور وی سی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر جاوید اکرم کو توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد وحید نے آمنہ عنایت میڈیکل کالج کے طالبعلم علی زیب کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ انکے میڈیکل کالج نے قواعد و ضوابط کے برعکس فیسوں میں اضافہ کیا ہے۔جبکہ زائد فیسیں ادا نہ کرنے والے سٹوڈنٹس کو امتحانات میں شرکت سے روک دیا گیا ہے۔ اضافی فیسوں کی وصولی کے خلاف صدر پاکستان میڈیکل کمیشن اور وی سی یو ایچ ایس کو درخواستیں بھی دیں، مگر شنوائی نہ ہونے پہ لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔
عدالت کے 3دسمبر 2020 کے حکم کی تعمیل نہیں کی جا رہی۔ درخواستگزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ حکم عدولی پر صدر پاکستان میڈیکل کمیشن اور وی سی یو ایچ ایس کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ عدالت نے صدر پاکستان میڈیکل کمیشن کو ہدایت کی کہ وہدرخواستگزار کو سن کر شکایت کا ازالہ کریں۔ لاہور ہائیکورٹ نے صدر پاکستان میڈیکل کمیشن ڈاکٹر ارشاد تقی اور وی سی یونیورسٹی آف ہیلتھ سانسز ڈاکٹر جاوید اکرم کو توہین عدالت کیدرخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ۔