نئے  چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کون ہیں؟

21 Jan, 2020 | 07:44 PM

(قیصر کھوکھر)نئے  چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ گریڈ22 کے ایک ریٹائرڈ بیوروکریٹ ہیں اور ان کا تعلق ڈی ایم جی کے 15 ویں کامن سے ہے۔
سکندر سلطان راجہ بھیرہ ضلع سرگودھا میں پیدا ہوئے اورانہوں نے ابتدائی تعلیم بھیرہ سے ہی حاصل کی ۔ انہوں نے ایم بی بی ایس کی تعلیم کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج سے حاصل کی اور انہوں نے 1987 میں سی ایس ایس کا امتحان پاس کرکے سول سروس جوائن کی۔ وہ اے سی اسلام آباد، ڈی سی اسلام آباد رہے ہیں۔ انہوں نے پنجاب میں متعدد اہم ترین اسامیوں پر بھی کام کیا ہے۔

وہ پنجاب میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، سیکرٹری سروسز اور سیکرٹری بلدیات رہے ہیں۔ ان کے ایک بھائی فخرسلطان راجہ ڈی آئی جی رینک کے پولیس افسر ہیں۔ سکندر سلطان راجہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری سعید مہدی کے داماد ہیں ان کی بیگم بھی گریڈ 20 کی ایک کسٹم افسر ہیں۔ وہ وفاقی سیکرٹری پٹرولیم اور وفاقی سیکرٹری ریلوے اور چیئرمین ریلوے اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹری بھی رہے ہیں۔ وہ ذہنی طور پر مسلم لیگ ن کے قریب سمجھے جاتے ہیں۔ ان کی سروس کا زیادہ تر حصہ پنجاب اور اسلام آباد میں گزرا ہے۔

مزیدخبریں