لاہوریوں کیلئے نئی پریشانی، چینی، چاول، دالوں کی فروخت بند

21 Jan, 2020 | 11:17 AM

Sughra Afzal
Read more!

 (شہزاد خان) آٹے کے بعد لاہوریئے چنے، بیسن، چاول، سرخ مرچوں اور دالوں کی قلت کیلئے ہو جائیں تیار، لاہور سپر سٹورز گراسری ایسوسی ایشن نے غیرمعینہ مدت کیلئے ہڑتال کردی۔

لاہور سپر سٹورز گراسری ایسوسی ایشن نے شہر کے 200 سپر سٹورز  پر چینی، چاول، دالیں، سبزیاں،سبز مرچیں فروخت کرنا بند کردیں،  سپر سٹوروں سے اشیاء ضروریہ غائب ہوگئی ہیں،گلی محلے کے جنرل سٹورز بھی سپر سٹورز ایسوسی ایشن کی ہڑتال میں شامل ہو گئے،  جنرل سٹورز مالکان نے بھی چینی، دالوں کی فروخت بند کردی، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

لاہور سپر سٹورز گراسری ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے حوالے سے صدر احمد نواز نے دیگر عہدیدران کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اکبری منڈی سے 70 سے80  روپے کلو مہنگی دالیں لے کر سستی کیسے بیچیں! صدر احمد نواز نے کہا کہ حکومت کی جانب سے نوٹیفائی کی گئی دالیں، چینی، چنے، مرچیں، چاول ، بیسن، سبزیاں اور پھل آج سے  فروخت نہیں کریں گے۔

لاہور سپرسٹورز گراسری ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اکبری منڈی میں ہول سیل نرخنامے پر عملدرآمد کرائے تاکہ صارفین کو سپر سٹورز پر اشیائے ضروریہ سرکاری نرخنامے کے مطابق مل سکیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت تنازعے کا حل نکالے کیوں کہ انہیں اس طرح مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، انہیں ایک ہی دکان پر تمام اشیاء میسر ہوتی تھیں اب اشیاء ضروریہ کے لیے مارے مارے پھرنا پڑے گا۔

مزیدخبریں