سٹی42: ڈی آئی جی سکھر نے خیرپور میں منشیات فروشی، بھتہ خوری اور سماجی برائیوں میں ملوث 3 تھانوں کے ایس ایچ اوز، 2 ون فائیو انچارج، 3 اے ایس آئی، ہیڈ محرر اور 18 پولیس کانسٹیبلز جبکہ گھوٹکی میں 14 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔
سکھر کےمعطل ہونے والوں میں ایس ایچ اوز رانیپور عبدالجبار میمن، ایس ایچ او بی سیکشن غلام محمد بوزدار، ایس ایچ او ببرلوئی ہادی بخش، اے ایس آئی منظور حسین ناریجو شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ون فائیو انچارج کوٹڈیجی کامران وسان اور ون فائیو انچارج کنب پرویز وسان کو بھی معطل کیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی سکھر کے مطابق سماجی برائیوں میں ملوث 15 تھانوں کے 18 اہلکاروں کو بھی معطل کر کے ریجن میں کلوز کیا گیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ سکھر رینج میں کسی صورت میں کرپشن، سماجی برائیوں، غفلت اور بے قاعدگیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب گھوٹکی میں بھی ڈی آئی جی سکھر فیصل عبداللہ چاچڑ نے 14 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا۔ ان اہلکاروں پر ڈیوٹی میں مبینہ رشوت لینے اور غیر قانونی کاموں میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔ معطل ہونے والوں میں سانول کنبھڑو، امداد ساوند، الطاف نیاز چنہ، دیدار بھٹو، نوید کولاچی، شاہنواز سیلرو، شاہد کلوڑو اور دیگر شامل ہیں۔
ڈی آئی جی سکھر نے ان اہلکاروں کو معطل کرنے کے بعد فوری طور پر ڈی آئی جی آفس رپورٹ کا حکم بھی جاری کر دیا ہے۔