آڈیو لیکس کیس: چیئرمین پی ٹی اے 4 مارچ کو اسلام آباد ہائیکورٹ طلب

21 Feb, 2024 | 10:07 PM

احتشام کیانی:  آڈیو لیکس کیس میں چیئرمین پی ٹی اے 4 مارچ کو اسلام آباد ہائیکورٹ طلب کر لئے گئے۔

 اسلام آباد ہائیکورٹ نے آڈیو لیکس کیس میں چیئرمین پی ٹی اے سمیت ڈی جی آئی بی اور ڈی جی ایف آئی اے بھی آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے 3 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

 جسٹس بابر ستار کی جانب سے جاری کردہ تحریری حکم نامہ کے مطابق عدالت کو بتایا گیا کہ انٹیلی جنس بیورو اور ایف آئی اے کے ڈی جیز بیمار ہیں، ڈی جی آئی بی اور ڈی جی ایف آئی اے کو آئندہ سماعت سے قبل میڈیکل رپورٹس جمع کرانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ میڈیکل سرٹیفکیٹ دیں کہ بیماری کس نوعیت کی تھی جس کے باعث عدالت نہ آ سکے، اے پی این ایس کے وکیل نے پاور آف اٹارنی اور جواب جمع کرانے کے لیے مہلت طلب کی۔

 تحریری حکم نامہ کے مطابق عدالتی معاون جاوید جبار کی طرف سے بریف جمع کرا دیا گیا، آر آئی یو جے کے جنرل سیکرٹری آصف بشیر چودھری نے ریسپانس جمع کرانے کا کہا، انہوں نے بتایا کہ سینئر صحافی مظہر عباس بھی عدالت کی معاونت کے لیے بریف جمع کرائیں گے۔

 پاکستان بار کونسل کو دوبارہ نوٹس جاری کیا اور عدالت کی معاونت کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 4 مارچ تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں