وقاص عظیم: نگران وزیر صنعت و تجارت گوہر اعجاز کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ سرمایہ کاری کیلئے قانون سازی کی جارہی ہے۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستان سعودی بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز نے مزید کہا کہ دو طرفہ سرمایہ کاری کو تحفظ دینے کا قانون کابینہ میں پیش کیا جا رہا ہے اور دو طرفہ سرمایہ کاری کو محفوظ کرنے کیلئے مصالحتی شق کو قانون میں شامل کیا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور خلیجی ممالک کے مابین فری ٹریڈ ایگریمنٹ کی توثیق ہوچکی ہے اور سعودی عرب خلیجی ممالک کا سب سے بڑا ملک ہے جس کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو 20 ارب ڈالرز تک لے جانا چاہتے ہیں۔
چیئرمین سعودی بزنس فورم حسن الحزاوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ تجارت میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے، پاکستانی بزنس مین کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی مصنوعات براہ راست سعودی منڈیوں میں فروخت کرے اور یوں تجارت بڑھنے سے پاکستان کی آمدن اور روزگار میں اضافہ ہوگا، پاکستان چاول، سرجیکل اور کھیلوں کی مصنوعات براہ راست سعودی عرب کو فروخت کرسکتا ہے۔