ویب ڈیسک : انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف سندھ میں بڑا اتحاد بن گیا۔ تحریک انصاف، جی ڈی اے اور جماعت اسلامی ایک پلیٹ فارم پر آگئیں۔
تینوں جماعتوں نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرنے کا اعلان کردیا۔
جے ڈی اے کے مرکزی رہنما صدرالدین شاہ راشدی کی رہائشگاہ پر اہم بیٹھک ہوئی، جس میں پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمن بھی موجود تھے۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور الیکشن میں دھاندلیوں کیخلاف باہمی تعاون پر غور کیا گیا۔ ملاقات میں تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کو جے ڈی اے کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی۔
سیکریٹری اطلاعات جی ڈی اے سردار عبدالرحیم کا کہنا ہے کہ تینوں جماعتوں نے مشترکہ جدوجہد کا اعلان کیا ہے، جے ڈی اے کا اجلاس 23 فروری کو ہوگا۔ اپوزیشن کی تحریک سے حکومت اور الیکشن کمیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، امکان ہے کہ سندھ اسمبلی کا اجلاس برائے حلف برداری کا اعلان اچانک کردیا جائے۔ ایسا ہوا تو جی ڈی اے، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی اس دن سندھ بھر میں سخت احتجاج کریں گے۔ 23 فروری کے اجلاس میں اس پر غور کے بعد حتمی اعلان کیا جائے گا۔