(ویب ڈیسک): ہالی ووڈ کی خوبرو ر ٹی وی اسٹار کم کارڈیشین نے ریپر، پروڈیوسر و فیشن ڈیزائنر کانیے ویسٹ سے طلاق کے لیے مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ دونوں تقریباً 7 سال سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہیں اور دونوں کے چار بچے ہیں۔ ازدواجی مشکلات کی کئی ماہ سے گردش کر تی افواہوں کے بعد سلیبرٹی نیوز ویب سائٹ ٹی ایم زی نے یہ خبر بریک کی ہے۔ دونوں میں سے کسی نے بھی فی الحال عوامی طور پر اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 40 سالہ ریئلیٹی ٹی وی اسٹار نے بچوں کی مشترکہ قانونی اور جسمانی تحویل کی درخواست کی ہے۔ یہ جوڑا دنیا کے سب سے معروف اسٹارز میں سے ہے اور دونوں ہی اپنی اپنی زندگی میں انتہائی کامیاب ہیں۔
دوسری جانب کانیے ویسٹ 15 سال سے بھی زیادہ عرصے سے ریپ موسیقی کے سب سے بڑے ناموں میں سے ہیں۔ گریمی ایوارڈ جیتنے والے موسیقار نے فیشن ڈیزائننگ میں بھی کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ جوڑا پہلے کئی سالوں تک دوست رہا اور ویسٹ 2010 میں اس خاندان کے ریئلیٹی شو میں بھی آئے تھے۔ ان دونوں کی پہلی بیٹی نارتھ جون 2013 میں پیدا ہوئیں۔
کانیے ویسٹ نے کم کارڈیشین کو شادی کی پیشکش کرنے کے لیے سان فرانسسکو جائنٹس بیس بال اسٹیڈیم کرائے پر لیا تھا اور ایک آرکیسٹرا کی خدمات حاصل کی تھیں،ان کی شادی مئی 2014 میں اٹلی میں ہوئی تھی۔
کارڈیشین نے اس سے اگلے سال اس جوڑے کے پہلے بیٹے سینٹ ویسٹ کو جنم دیا۔ بعد میں ان کے دو مزید بچے شکاگو اور سام ایک متبادل ماں (سروگیٹ) کے ذریعے پیدا ہوئے کیونکہ کم کارڈیشین اپنے گذشتہ حمل کے دوران طبی پیچیدگیوں کی شکار ہوئی تھیں۔ یہ جوڑا شاید ہی کبھی اخباروں کی شہ سرخیوں سے دور رہا ہو، خاص طور پر تب جب کم کارڈیشین کو پیرس میں 2016 میں اسلحے کے زور پر لوٹ لیا گیا تھا۔
گزشتہ سال کانیے ویسٹ نے امریکی صدارتی دوڑ میں بھی حصہ لیا تھا مگر ناکام رہے لیکن انہوں نے اگلے انتخابات میں پھر سے میدان میں اترنے کا عندیہ دیاتھا۔ رپورٹس کے مطابق کم کارڈیشیان کانیے کی ان حرکتوں سے پریشان آگئی تھیں۔ اپنی مہم کے دوران ریپر کی آن لائن پوسٹس اور عوام کے سامنے آنے کے انداز نے تشویش کو جنم دیا اور کم کارڈیشین کو اس حوالے سے بات کرنی پڑی۔
ان کی طلاق کی افواہیں کئی ماہ سے گردش کر رہی تھیں اور خیال کیا جا رہا تھا کہ انھوں نے مشہور وکیل لورا ویسر کی خدمات حاصل کی ہیں۔ پیج سِکس کے مطابق جنوری میں طے پا گیا تھا کہ طلاق کی کارروائی شروع کی جائے گی اور دعویٰ کیا کہ کانیے ویسٹ نے تہوار کا موسم کیلیفورنیا میں مقیم اس خاندان سے دور وائیومنگ میں اپنے رینچ پر گزارا تھا۔