لاہور ہائیکورٹ نے یورو ٹیکنالوجی متعارف کرانے کیلئے 2 ہفتوں کی مہلت دیدی

21 Feb, 2020 | 12:46 PM

Sughra Afzal

(یاور ذوالفقار) لاہور ہائیکورٹ میں سموگ پر بروقت قابو نہ پانے کے خلاف دائر درخواست پرسماعت، عدالت نے ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کیلئے گاڑیوں کے ایندھن میں یورو 4 اور یورو 5 ٹیکنالوجی متعارف کرانے کیلئے 2 ہفتوں کی مہلت دے دی۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس شاہد کریم نےہارون فاروق کی درخواست پرسماعت کی، درخواست گزارکی طرف سے ابوزر سلمان خان نیازی ایڈووکیٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حکومت کی جانب سےسموگ پر قابو پانےکے لیے کسی قسم اقدامات نہیں کیے جا رہے، گاڑیوں کےناقص ایندھن سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے، سموگ پر قابو نہ پانےکے باعت لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل ہوچکا ہے۔

درخواست گزار وکیل نے استدعا کی کہ عدالت حکومت کو سموگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرنےکا حکم دے۔

دوسری جانب سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ یورو فور کیلئے پالیسی کو حتمی شکل دی جارہی ہے، عدالت نےاستفسار کیا کہ کتنی دیر لگے گی، جس پر سرکاری وکیل نے آگاہ کیا کہ ٹیکنالوجی کو حتمی شکل دے کر عدالت میں جلد رپورٹ پیش کردیں گے۔

عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد گاڑیوں کے ایندھن میں یورو 4 اور یورو 5 ٹیکنالوجی متعارف کرانے کیلئے 2 ہفتوں کی مہلت دے دی۔

مزیدخبریں