فخر امام:مختلف علاقوں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں شہری لاکھوں نقدی ،قیمتی سامان سے محروم،علاقہ مکینوں کا پولیس کیخلاف احتجاج ،کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
ٹائون شپ کے علاقہ میں دو نقاب پوش نجی سپر مارٹ سے نقدی،موبائل فونز اور سامان لوٹ لیا،سٹور مالک کے مطابق ڈاکووں نے سٹور میں داخل ہوتے ہی عملہ کو یرغمال بنایا نقدی، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے، دونوں ڈاکوئوں نے منہ پر نقاب بھی پہنے ہوئے تھے، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں واردات کو واضع دیکھا جا سکتا ہے جبکہ اندراج مقدمہ کے لیے متاثرہ شہری نے درخواست دے دی ہے۔
دوسری واردات قائداعظم انڈسٹریل ایریا میں ایک جنرل سٹور میں پیش آئی، ملزمان دوکان مالک سے 30 ہزار نقدی جبکہ خاتون سے بالیاں اور زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے،واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سٹی فورٹی ٹو نے حاصل کر لی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان ڈکیتی کے دوران فرار ہوتے ہوئے فائرنگ بھی کرتے ہیں جبکہ دوکان مالک کا کہنا تھا کہ پہلے بھی متعدد بار چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں ہو چکی ہیں مگر آج تک کوئی ملزم پولیس کی گرفت میں نہیں آسکا۔
تیسری واردات رائے ونڈ بابلیانہ میں برکت جنرل سٹور میں ہوئی،جنرل سٹور مالک کے مطابق تین موٹرسائیکل سوار ڈاکو گن پوائنٹ پر تقریباً 40 ہزارنقدی اور ایک موبائل فون چھین کر ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے جس کے بعد مقامی افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا،جس پر پولیس نے مدعیان پر ہی مقدمہ درج کر دیا۔۔
رائےونڈ پولیس نے موقف اختیار کیا کہ پولیس نے 03 دن قبل بدنام زمانہ قمار باز وارث علی عرف گھوڑا کے خلاف قمار بازی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا ۔آج ڈکیتی کی کال پر پولیس پہنچی تو بوٹا اور اسکے دیگر ساتھیوں نے پولیس کی گاڑی پر پتھراؤ شروع کر دیا، جس کے بعد پولیس نے پتھرائو میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی۔
د وسری جانب دوکان مالکان کا کہنا ہے کہ ان کا وارث اور بوٹا وغیرہ کے ساتھ کسی قسم کا تعلق نہیں ہے، پولیس ملزمان کی بجائے ہمارے خلاف ہی کارروائی کررہی ہے، اعلی حکام معاملے کا خود نوٹس لے کر انصاف دلائیں۔