سٹی42: سپریم کورٹ میں جوڈیشل کمیشن نے رولز کی منظوری دے دی ہے، کچھ رولز میں معمولی تبدیلی کر دی گئی ہے۔
ذمہ دار صحافتی ذرائع کے مطابق رولز میں پہلے سے موجود نئے ایڈیشنل ججز کیلئے میڈیکل ٹیسٹ کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔
ایک اور اہم ترمیم یہ کی گئی کہ اب جج کے عہدہ کے لئے کسی امیدوار کے متعلق انٹیلی جنس رپورٹ لینا نہ لینا جوڈیشل کمیشن کی صوابدید ہو گا۔ جسٹس منصور علی شاہ نے اپنے خط میں انٹیلجنس ایجنسی سے رپورٹ لینے کی مخالفت کی تھی، یہ کہتے ہوئے کہ اگر انٹیلجنس ایجنسی کو (ججز کے تقرر کے عمل میں) کردار دیا گیا تو اس کا غلط استعمال ہو سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی اعتراض کیا تھا کہ جوڈیشل کمیشن میں اکثریت ایگزیکٹو کی ہے، جو عدلیہ کی آزادی پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
رولز کے حتمی ڈرافٹ کے مطابق ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے لیے تین نام زیر غور آیا کریں گے، سینئر جج کو چیف جسٹس ہائیکورٹ نہ بنانے پر وجوہات بتانا لازمی ہوں گی۔
ڈرافٹ کے مطابق سپریم کورٹ میں جج کی تعیناتی کیلئے ہائیکورٹ سے پانچ نام آیا کریں گے۔
ذرائع کے مطابق آئینی بنچ کی توسیع کے ایجنڈے پر دوسرا اجلاس بھی ہوا، جس میں سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کو چھ ماہ کیلئے توسیع دے دی گئی۔