ویب ڈیسک : کراچی کے علاقے گلشن معمار میں جعلی پولیس افسر بننے والا ٹک ٹاکر اصل پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔
پولیس حکام کے مطابق جعلی پولیس افسر اشفاق دکاندار سے جھگڑا کررہا تھا کہ اس موقع پر پولیس پہنچ گئی، پولیس یونیفارم پہنا ملزم خود کو اے ایس آئی بتا رہا تھا، پولیس نے شبہ ہونے پر پوچھا تو ملزم اپنی پوسٹنگ کا واضح جواب نہیں دے سکا، ملزم نے پولیس کو بیان دیا کہ وہ درخشاں تھانے میں تعینات ہے اس کے بعد بولا کہ ڈیفنس تھانے میں تعینات ہے۔ پولیس نے مزید تفتیش کی تو ملزم نے کہا کہ وہ کرائم رپورٹر ہے لیکن اس کے متضاد بیانات سے علم ہوا وہ نہ افسر ہے اور نہ کرائم رپورٹر بلکہ وہ ٹک ٹاکر ہے۔
پولیس نے بتایا کہ تفتیش میں ملزم جعلی افسر نکلا اور اس کے پاس سے میڈیا کا جعلی کارڈ بھی برآمد ہوا ہے۔ اس حوالے سے ملزم کا کہنا ہے کہ اس کی تصویر میں موجود رائفل حیدرآباد میں پولیس اہلکار سے ویڈیو بنانے کے لیے لی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہےکہ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا جارہا ہے، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے ۔