ضلع خیبر میں کامیاب آپریشن،وزیرِ اعظم، وزیر داخلہ کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

21 Dec, 2024 | 03:08 PM

ویب ڈیسک: وزیرِ اعظم شہباز شریف ،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے  ضلع خیبر میں فتنہ خوارج کے  4 کارندے ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش  کیا ہے۔

 وزیرداخلہ نے کہا کہ 4 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری اور محنت کو سراہا۔محسن نقوی نے خوارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سپاہی عامر سہیل آفریدی کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ سپاہی عامر سہیل آفریدی نے شہادت کا بلند رتبہ پایا۔

وزیرداخلہ نے شہید لانس سپاہی عامر سہیل آفریدی کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کے غم میں شریک ہوئے۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرتے ہوئے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملا دیا۔

وزیرداخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم خاک میں ملاتے رہیں گے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ضلع خیبر میں فتنہ خوارج کے  4 کارندے ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش  کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے سپاہی کی شہادت کیلئے دعائے مغفرت کی۔

 اس حوالے سے اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ قوم کے بیٹوں کی قربانیاں ہر گز رائیگاں نہیں جانے دیں گے، حکومت اور سیکیورٹی فورسز ملک سے فتنہ خوارج کے مکمل سدباب کیلئے سرگرمِ عمل ہیں۔

  واضح رہے کہ خیبر پختون خوا کے ضلع خیبر کے علاقے راجگال میں پاکستان افغانستان سرحد سے خوارج کے گروہ کی دراندازی کی کوشش سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دی۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق دراندازی کی کوشش 19 اور 20 دسمبر کی درمیانی شب کی گئی جس کے بعد سیکیورٹی فورسز کی فوری کارروائی کے نتیجے میں 4 خوارج مارے گئے جبکہ جھڑپ کے دوران خیبر کے رہائشی 22 سالہ سپاہی عامر سہیل آفریدی شہید ہو گئے۔

مزیدخبریں