ویب ڈیسک:پاکستان کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ سے قبل جنوبی افریقہ کے اہم فاسٹ بولر ٹیم سے باہر ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقی فاسٹ بولر اوٹنیل بارٹمین دائیں گھٹنے میں تکلیف کے باعث پاکستان کے خلاف تیسرے ون ڈے سے باہر ہوگئے ہیں،کیپ ٹاؤن میں ٹیم کی پریکٹس کے دوران بولنگ کرتے ہوئے رن اپ کے دوران اوٹنیل بارٹ مین کو تکلیف محسوس ہوئی، وہ دوسرے میچ کے لیے اعلان کردہ پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں تھے لیکن اس سے 2 دن قبل پارل میں سیریز کے پہلے میچ میں ٹیم کا حصہ تھے، انہوں نے 7 اوورز میں 37 کے عوض 2 وکٹیں لی تھیں، بارٹ مین کی اگلی اسائنمنٹ ایس اے ٹی 20 ہے جہاں ان کا سن رائزرز ایسٹرن کے ساتھ معاہدہ ہے۔
اوٹنیل بارٹ مین، سپنر کیشو مہاراج کے بعد رواں ون ڈے سیریز میں ٹیم سے باہر ہونے والے دوسرے جنوبی افریقی باؤلر ہیں جب کہ رواں موسم گرما میں ان فٹ ہوکر ٹیم سے باہر ہونے والے چھٹے فاسٹ باؤلر ہیں، ان سے قبل گیرالڈ کوٹزی، وآن ملڈر، لنگی نگیڈی، لزاڈ ولیمز اور اینرچ نویکیا پہلے ہی فٹنس مسائل کے باعث ٹیم سے دور ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پہلی مرتبہ ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیے جانے والے کوربن بوش کو بارٹ مین کی جگہ ون ڈے سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، وہ باکسنگ ڈے پر پاکستان کے خلاف شروع ہونے والے میچ میں اپنا ڈیبیو ٹیسٹ کرنے کے منتظر ہیں۔