ویب ڈیسک: امریکی ریاست ٹیکساس میں فرار ہونے والے بندر کو پکڑ لیا گیا، بندر کے مالکان کو 5 جرائم میں جرمانے کا خدشہ ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس کے پوٹیٹ اور جورڈنٹن کے علاقے کے مکینوں نے شکایت کی تھی کہ ان کے گھر کی چھتوں پر ایک بندر بھاگتا پھر رہا ہے۔
جانوروں کی دیکھ بھال کے افسران نے علاقہ مکینوں کی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے شرارتی بندر کو پکڑ لیا۔
افسران کا کہنا ہے کہ انہیں تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ اس بندر کو اسی علاقے کے ایک رہائشی نے اپنے گھر پر غیر قانونی طور پر پالتو جانور کے طور پر رکھا ہوا تھا۔
افسران کے مطابق انہوں نے مالکان کو بندر واپس کرتے ہوئے حکم دیا کہ وہ اسے شہر کی حدود سے باہر لے جائیں کیونکہ غیر ملکی جانوروں کو اس علاقے میں پالتو جانور کے طور پر رکھنا غیر قانونی ہے۔
بندر کے مالکان پر 5 جرائم عائد ہونے کا خدشہ ہے، جن میں ممنوعہ جانور کا گھر میں ہونا، پہلے بندر کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے دوسرا بندر لانا، جانوروں کا گھومنا، ریبیز کی ویکسینیشن کی کمی اور مائیکرو چِپ کی کمی شامل ہیں۔
افسران کے مطابق مالکان پر فی الحال جرمانہ عائد نہیں کیا گیا، اس کا فیصلہ میونسپل کورٹ کرے گی۔