ویب ڈیسک:مقبول ٹک ٹاکر جنت مرزا نے فلموں میں کام کرنے اور سینما کے مقابلے شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن کو زیادہ اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا انتخاب ٹک ٹاک ہوگا۔
جنت مرزا نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ٹک ٹاک سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی،انہوں نے بتایا کہ جاپان میں ان کی خالہ، ماموں اور دیگر اہل خانہ رہتے ہیں، اس لیے عام طور پر وہ سال کا نصف حصہ وہیں گزارتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے حال ہی میں جاپان میں بھی ایک فیشن شو میں شرکت کی تھی اور اب وہ وہاں بھی سوشل میڈیا پر کام کرنے لگی ہیں، ان کی خواہش ہے کہ وہ جاپان میں بھی اپنی جگہ بنائیں۔
انہوں نے بتایا کہ جس وقت 2017 میں انہوں نے ٹک ٹاک استعمال کرنا شروع کیا، اس وقت ایسی ویڈیوز کا ٹرینڈ تھا، جن میں 15 سیکنڈز کے اندر پوری کہانی بتائی گئی ہو اور انہوں نے اس وقت ایسی متعدد ویڈیوز بنائیں لیکن اب انہیں اپنی ویڈیوز بیکار لگتی ہیں، وہ انہیں دیکھنا بھی پسند نہیں کرتیں۔
جنت مرزا کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر انہیں اس بات کا احساس نہیں تھا کہ وہ ٹک ٹاک پر مشہور ہونے لگی ہیں اور لوگ انہیں فالو کر رہے ہیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ لوگ انہیں جاننے لگے ہیں۔
ان کےمطابق ایک بار کچھ نوجوان لڑکے ان کے پاس آئے اور ان کے ساتھ سیلفی بنوائیں، تب انہیں احساس ہوا کہ وہ مقبول ہوچکی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے انکشاف کیا کہ پہلی بار انہوں نے اپنی چھوٹی بہن علیشبا کے ساتھ ایک ٹک ٹاک ویڈیو بنائی تھی جو کہ وائرل ہوگئی، جس کے بعد انہوں نے ٹک ٹاک پر مزید ویڈیوز بنائیں اور یوں انہوں نے ٹک ٹاک کو اپنا لیا۔
فلموں اور سوشل میڈیا میں سے کسی ایک کے انتخاب کے سوال پر جنت مرزا نے بتایا کہ ان کا ذاتی خیال ہے کہ آج کل کی نئی نسل سینما نہیں جاتی، وہ فلموں کو سینما میں دیکھنے کے بجائے اپنے گھر میں اور فون پر دیکھنا پسند کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کا خیال ہے کہ ٹک ٹاک آسان اور بڑا پلیٹ فارم ہے، جسے دنیا کے بہت سارے لوگ استعمال کرتے ہیں، اس لیے ان کا انتخاب ٹک ٹاک ہوگا۔