ویب ڈیسک: شادی بیاہ کی قدیم روایتی تقاریب میں کبھی دلہن ہی سجتی تھی اوراس کی سج دھج سے پوراماحول جی اُٹھتاتھا،اب شادی کی تقریب میں پوراماحول سجاسنوراہوتاہے لیکن اس کے باوجود ہرنظردلہن کے روپ سروپ میں کھوئی دکھائی دیتی ہے،لڑکی دلہن بنتی ہے لیکن دُلہن بنناایک کیفیت بھی تو ہے جو ان خاص لمحات میں لڑکی پرطاری ہوتی ہے اوراس کے سراپے سے رنگ،روشنی اورخوشبوبن کرچہارسوپھیلتی جاتی ہے،خوشیوں،خوشبوؤں اورخوابوں کے اس حسین سفر کے تمام لمحے یادگار ہوتے ہیں۔
عروسی نازوانداز میں اگرفیشن کے رنگ نمایاں نظرآتے ہیں تو اس میں برائیڈل ویکس کابڑاہاتھ ہے،ہم ٹی وی کی جانب سے تواتر کےساتھ ہرسال برائیڈل کیٹیور ویک کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں نامورڈیزائنرز کےساتھ ساتھ نوواردان بھی اپنی عروسی کولیکشنز پیش کرتے ہیں جو قومی اور بین الاقوامی سطح پر خود کو منوانے کے خواہاں ہیں۔
گزشتہ رات لاہورکے مقامی ہوٹل میں ہم برائیڈل کیٹیور ویک 2024کارنگارنگ آغازہوگیاجس کے لئے ہال کو دُلہن کی طرح سجایا گیا تھا،فیشن اور شوبز انڈسٹری کے نمایاں چہروں نے تقریب میں شرکت کرکے چارچاند لگائے اورماڈلز خوش رنگ بھاری کام والے برائیڈل ملبوسات پہن کر ریمپ پررنگ بکھیرتی رہیں،وہاں پیش ہونےوالے عروسی ملبوسات میں نہ صرف جدید عروسی رُجحانات کو روایت کے ساتھ جوڑ کر پیش کیا گیابلکہ برائیڈل میک اَپ اور ہیئراسٹائلنگ کے نئے انداز بھی پیش کئے گئے۔
تین روزہ برائیڈل کیٹیورویک کے پہلے روزمجموعی طورپرآٹھ ڈیزائنرز کی عروسی کولیکشن پیش کی گئی جسے معروف ماڈلز نے ریمپ پر پیش کیا،ڈیزائنرز نے ٹی وی اور فلم کے فنکاروں کےساتھ ساتھ نامور گلوکاروں کو بھی بطور شو سٹاپرریمپ پر پیش کیا،رنگوں،روشنیوں اورخوشبوؤں سے سجے اس برائیڈل ویک نے دیکھنے والوں کو سحر میں جکڑے رکھا،پہلے روزکاشودیکھنے والوں میں اداکارہ نادیہ جمیل،اداکارومیزبان احمدعلی بٹ،سلطانہ صدیقی،کرکٹراحمدشہزاد،اینکرمنصورعلی خان،عائشہ جہانزیب اوردیگر بھی شامل تھے۔
برائیڈل کیٹیورویک کے پہلے روزمعروف ماڈلز کے ساتھ ساتھ سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم،عروہ حسین،سوشل میڈیاسٹاررجب بٹ،اداکارہ سونیاحسین،ماضی کی نامور اداکارہ ممتاز،گلوکارہ نمرہ مہرہ،اداکارہ نمرہ خان،اداکارہ صباقمراوردیگر شوبزستاروں نے بھی ریمپ پربطور شوسٹاپرواک کی۔
شوکاآغازقومی ترانے سے ہواجس کے بعد معروف ماڈل ونیزہ احمد نے شوکے حوالے سے مختصرخطاب کیاجواس شوکی کوریوگرافی بھی کررہی ہیں،پہلے دن کے پہلے شوکاآغاز جے ڈاٹ سے ہوا جس میں ماڈلز نے ریمپ پر واک کی،وسیم اکرم ان کے شوسٹاپرتھے۔پہلے روز آٹھ ڈیزائنرز کی عروسی کولیکشن پیش کی گئی جن میں عائشہ شعیب ملک،ووفائن جیولری،ایج ری پبلک، ہماحماد،شکیلز بائی ذیشان دانش،اقرافرقان،منیب نوازاورپریشافارہائوس آف امیرعدنان کی کولیکشن شامل تھی،ونیزہ احمد کی کولیکشن کے لیےاداکارہ ایمن خان اورمحمد مجتبیٰ شوسٹاپرزتھے۔
ایج ریپبلک کی کولیکشن میں صدیوں پرانی رویات کوخراج تحسین پیش کیاگیا،معروف سوشل میڈیاانفلوئنسررجب بٹ ان کا بلیک جوڑاپہن کربطورشوسٹاپرریمپ پرآئے،فینالے ہماحمادکی کولیکشن پرمشتمل تھاجس میں ماضی کی ناموراداکارہ ممتازبیگم اورسونیاحسین شوسٹاپرزتھیں۔
حال ہی میں ریلیزہونےوالی فلم"کٹرکراچی"کے فنکاروں طلحٰہ انجم اورکنزیٰ ہاشمی نے بھی منیب نواز کے شوسٹاپرز کے طورپر ریمپ پر واک کی،شوکے دوران معروف گلوکار بلال سعیدکی پرفارمنس سے بھی شرکاء محظوظ ہوئے،ماضی کی ناموراداکارہ ممتاز بیگم خصوصی توجہ کا مرکز بنی رہیں گلوکارہ نمرہ مہرہ نے بھی خوب صورت پرفارمنس کے ذریعے سماں باندھا۔
رنگا رنگ برائیڈل فیشن شو مزید دو دن رنگ بکھیرے گا۔