سعید احمد: غیر قانونی طور پر ریلوے پٹڑیاں عبور کرنے والوں کے خلاف ریلوے پولیس نے بھرپور کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔ لاہور سمیت ملک بھر میں اس خلاف ورزی پر ایف آئی آر درج کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
آئی جی ریلوے نے 11 ماہ کے دوران ہونے والی کارروائیوں کی رپورٹ مرتب کی ہے جس کے مطابق، 11 ماہ کے دوران 442 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔ سب سے زیادہ مقدمات راولپنڈی ڈویژن میں 170، پشاور میں 124، ملتان میں 64 اور لاہور میں 50 درج کیے گئے۔
ریلوے ہیڈ کوارٹر کی ہدایات پر ٹریس پاسنگ کی خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں تاکہ ریلوے کے محفوظ آپریشن کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس کارروائی کا مقصد غیر قانونی طور پر پٹڑیاں عبور کرنے والے افراد کے خلاف سخت اقدامات کرنا اور عوامی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔