جواد آصف:جائیداد کا قبضہ حوالے نا کرنے کے مقدمے میں عدالت نے ملک ریاض کے بیٹے سی ای او بحریہ ٹاؤن علی ریاض ملک کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ۔
جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت نے بحریہ ٹاؤن کراچی کے سی ای او علی ریاض کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتار جاری کردیئے، عدالت نے شاہنواز درانی کے بھی وارنٹ جاری کیے۔
مدعی اکرام اللہ نے ملزمان کے خلاف کمپلین فائل کی تھی، کمپلین میں کہا گیا 2019 میں بحریہ ہائٹس میں دو کروڑ نو لاکھ روپے کے عوض تین دکانیں خریدی،معاہدہ طے پایا کہ اقساط پر رقم ادا کرنے کے بعد قبضہ دیا جائے گا،معاہدہ کی پاسداری نہیں کی گئی، پورا پروجیکٹ دوسرے ملزم کو بیچ دیا گیا۔
عدالت نے اہم ریمارکس دیے کہ پولیس نے رپورٹ جمع کروائی کہ دونوں پارٹیز کے درمیان عدالت میں سول سوٹ چل رہا ہے، مینیجر آپریشنز نے قبول کیا کہ سول سوٹ چل رہا ہے تاہم دکانوں کے حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
عدالت نے اختیارات استعمال کرتے ہوئے ملزمان کے وارنٹ جاری کیے،ملزمان عدالت کو مطمئن کرنے کے لیے کورٹ میں حاضر ہوکر پچاس ہزار روپے ضمانتی مچلکے جمع کروائیں،عدالت نے سماعت چھ جنوری تک ملتوی کردی۔