محمد رضوان نے بطور کپتان بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا

21 Dec, 2024 | 10:05 AM

ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے اپنی شاندار قیادت سے تاریخ رقم کر دی۔

جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں فتح حاصل کر کے وہ ایک منفرد اعزاز کے حامل بن گئے ہیں جو آج تک کسی پاکستانی کپتان کو نصیب نہیں ہوا۔

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو اس کی سرزمین پر ون ڈے سیریز میں شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کی۔ اس جیت کے ساتھ محمد رضوان آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ دونوں ممالک میں ان کی سرزمین پر ون ڈے سیریز جیتنے والے پہلے پاکستانی کپتان بن گئے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل نومبر میں محمد رضوان کی قیادت میں پاکستان نے 22 سال بعد آسٹریلیا کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز میں شکست دی تھی۔ یہ کارنامہ پاکستانی ٹیم کی بہترین کارکردگی اور محمد رضوان کی قائدانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

واضح رہے کہ یہ کامیابی اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ پاکستان نے جنوبی افریقہ میں تیسری مرتبہ ون ڈے سیریز جیتی ہے۔ اس سے پہلے 2013 اور 2021 میں بھی پاکستان نے جنوبی افریقہ کو اس کی سرزمین پر زیر کیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان اکیسویں صدی میں جنوبی افریقہ میں تین مرتبہ ون ڈے سیریز جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

محمد رضوان کی یہ کامیابیاں ان کی قائدانہ صلاحیتوں اور ٹیم کے اتحاد کا ثبوت ہیں۔ شائقین کرکٹ امید کررہے ہیں  کہ رضوان کی قیادت میں ٹیم مزید کامیابیاں سمیٹے گی اور عالمی کرکٹ میں پاکستان کا نام روشن کرے گی۔

مزیدخبریں