سردی کی شدت میں اضافہ ،محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

21 Dec, 2024 | 09:39 AM

اقصی شیخ،کومل سلم: ملک کے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت برقرار  جبکہ بالائی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق شہر لاہور میں  23 اور 24 دسمبر کو شمال مغربی ہوائیں لاہور سمیت ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہو رہی ہیں۔ ان ہواؤں کی آمد کے سبب بارشیں ہو سکتی ہیں جو کہ فضائی آلودگی کی سطح کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔شہریوں کو فضائی آلودگی کے اثرات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ لاہور میں فضائی آلودگی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور اس وقت لاہور فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا کے تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ لاہور میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 227 ریکارڈ کی گئی ہے۔یو ایس قونصلیٹ میں آلودگی کی شرح 533 ریکارڈ کی گئی، جو کہ ایک انتہائی تشویش ناک صورتحال ہے۔ اسی طرح، جوہر ٹاؤن میں فضائی آلودگی کی شرح 503 ریکارڈ کی گئی جبکہ فیز 8 ڈی ایچ اے میں یہ شرح 375 ریکارڈ کی گئی۔

 شہر  قائد میں سردی کی شدت میں اضافہ ہونےکے باعث موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 51 فیصد ہے اور شمال مشرق کی سمت سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔شہر کا فضائی معیار بدستور خراب ہے، اے کیو آئی رپورٹ کے مطابق، کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چھٹے نمبر پر جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں پانچویں نمبر پر موجود ہے۔کراچی کے آلودہ ترین علاقوں میں گلشن اقبال سر فہرست ہے، اس کے بعد شاہرہ فیصل اور کورنگی کا نمبر آتا ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 178 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔

 دوسری جانب اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں کہرا پڑنے کا امکان پیدا ہوگیا، پہاڑی علاقوں میں کڑاکے کی سردی پڑی، لہہ اور سکردو میں پارہ منفی12 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، گلگت میں درجہ حرارت منفی8،قلات میں منفی سات، استوار، کوئٹہ اور زیارت میں منفی6ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔چترال، دیراور کالام میں منفی5، راولا کوٹ اور ہنزہ میں پارہ منفی4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مزیدخبریں