ویب ڈیسک: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بلے باز امام الحق نے حال ہی میں انکشاف کیا کہ کس طرح قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا آئی فون گُم ہونے سے بچایا۔
پوڈکاسٹ میں امام الحق سے سوال کیا گیا کہ اگر وہ صبح اٹھ کر دیکھیں کہ وہ روہت شرما بن چکے ہیں تو وہ کیا کریں گے؟
امام الحق نے روہت کے بھلکڑپن کیجانب اشارہ کرتے ہوئے جواب دیا کہ’میں صبح اٹھ کر یہ دیکھوں گا کہ گزشتہ شب میں نے اپنی ساری چیزیں کہاں کہاں رکھ دی تھیں۔
پاکستانی بلے باز نے کہا کہ ' روہت شرما کی شخصیت بہت منفرد ہے، اکثر اپنا بیٹ اور دستانے بھی بھول جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’میں صبح اٹھ کر اپنے شوز، فون، بیلٹ ڈھونڈوں گا، کس کس کو میں نے میسج کردیا، کس کو فون کردیا، یقین مانیں وہ ایک بہت منفرد شخصیت کے مالک ہیں، وہ اپنا بیٹ اور دستانے بھی بھول جاتے ہیں'۔
امام الحق نے مزید بتایا کہ ’بابر نے مجھے ایک دلچسپ قصہ سنایا تھا، ورلڈ کپ 2023 سے قبل تمام ٹیموں کے کپتانوں کا میٹ اپ ہوا تھا اور یہ لوگ جہاز میں گئے تھے، اس وقت روہت شرما نے نیا آئی فون اور ایئر پوڈز خریدے تھے، پہلے انہوں نے اپنا آئی فون وہاں چھوڑ دیا اور پھر ہر دو منٹ بعد ان کے ایئر پوڈز گم ہورہے تھے'۔
’پھر روہت شرما خود کو کوسنے لگتے تھے کہ میں یہ کیا کر رہا ہوں، میں ہر جگہ چیزیں بھولتا رہتا ہوں، بابر نے بتایا کہ اُس نے 2 بار روہت کو اسکا آئی فون دیا کہ 'روہت بھائی، یہ اپنا فون رکھ سنبھال لیں، اس کے باوجود کچھ دیر بعد روہت شرما اپنے مینیجر کو فون کر رہے تھے کہ وہ اپنے ایئر پوڈز وہیں بھول آئے ہیں، وہ اکثر اسی طرح اپنی چیزیں بھول جاتے ہیں'۔